ایڈمنسٹریٹرکی تعیناتی سے قبل مشاورت نہیں کی گئی ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

شہری علاقوں میں غیر مقامی اور اقربا پروری کی بنیاد پرایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی پر مذمت، چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل


Staff Reporter September 07, 2020
شہری علاقوں میں غیر مقامی اور اقربا پروری کی بنیاد پرایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی پر مذمت، چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل ۔(فوٹو، فائل)

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں غیر مقامی بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرتعینات کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ایڈمنسٹریٹرکی تعیناتی سے قبل ایم کیو ایم پاکستان سے مشاورت نہیں کی گئی اور اس طرح کی تعیناتی کے فیصلوں میں مقامی قابل افسران کو نظرانداز کرنا تعصب ہے، اس قسم کے فیصلوں سے سندھ کے شہری علاقوں کی عوام کے احساس محرومی کو بڑھا رہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان یہ سمجھتی ہے کہ اس طرح ایڈمنسٹریٹر ز کی تعیناتی بدنیتی پر مبنی ہے اور شہری سندھ کے وسائل پر قبضہ ہے، پیپلز پارٹی کا سندھ کے شہری علاقوں سے تعصب واضح ہے کہ ان کو مقامی شہروں میں کوئی بھی ایک مقامی قابل افسر نہیں ملا جسے تعینات کیا جاتا؟؟، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں غیر مقامی اور لسانی عصبیت کے حامل بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرتعینات کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مرکز بہادرآباد پر کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور طوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کا دورہ کراچی اور ان کی جانب سے اعلان کردہ ترقیاتی پیکیج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی کیلیے 11سو ارب کے ترقیاتی پیکیج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقیاتی پیکیج کے منصوبوں کو دیے گیے وقت میں مکمل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ سندھ کے دیگر شہروں حیدرآباد،میر پور خاص،نواب شاہ اور سکھر کے عوام بھی ترقیاتی پیکیج کے اعلان کے منتظر ہیں،ان شہروں کا انفرااسٹرکچرعدم توجہ کے باعث تباہ ہو چکا ہے اور ان شہروں کے عوام بہت زیادہ مسائل کا شکار ہیں، رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر بالخصوص صوبہ سندھ میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور متاثرین کیلیے فوری معاوضے کا اعلان کیا جائے۔

مقبول خبریں