پاکستان میں پہلی بار کورونا ویکسین کا تجربہ آئندہ ہفتے ہوگا، 150 رضا کار منتخب

طفیل احمد  جمعـء 18 ستمبر 2020
چین سے معاہدہ بھی طے پا گیا، تجربے کے لیے 150 رضاکار منتخب کرلیے، ترجمان انڈس اسپتال (فوٹو : فائل)

چین سے معاہدہ بھی طے پا گیا، تجربے کے لیے 150 رضاکار منتخب کرلیے، ترجمان انڈس اسپتال (فوٹو : فائل)

 کراچی: پاکستان میں پہلی بار کووڈ 19 ویکسین کا ٹرائل آئندہ ہفتے انڈس اسپتال کراچی میں شروع ہوجائے گا جس کے لیے رضاکار منتخب کرلیے گئے،  ویکسین تجرباتی طور پر شروع کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ بھی طے پا گیا۔

انڈس اسپتال انتظامیہ کے ترجمان نے کووڈ 19 کی ویکسین کو تجرباتی طور پر اسپتال میں استعمال کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ایکسپریس کو بتایا کہ پہلی بار کووڈ 19 کی ویکسین کے تجرباتی ٹرائل رواں ماہ شروع کردیے جائیں گے، ابتدائی طور پر 150 افراد کو منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرائل ویکسین لگانے کے 6 ماہ بعد ویکسین دوبارہ لگانے کا جائزہ لیں گے جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ مزید افراد کو اس ٹرائل کا حصہ بنایا جائے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسین لگانے کے لیے رضاکاروں کو انڈس اسپتال کی ریسرچ ٹیم کے ماہرین نے منتخب کیا ہے، فی الحال تجرباتی ویکسین 150 افراد پر استعمال کی جائے گی جب کہ تجرباتی ویکسین کا دورانیہ ایک سال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن افراد کو منتخب کیاگیا ہے وہ اس ٹرائل میں رضاکارانہ طورپر شامل ہوئے ہیں، کووڈ19 ویکسین ان افراد کو لگائی جائے گی جن کی عمر 18 سال یا اس سے زائد ہوگی۔

دریں اثنا ماہر علم الادویہ ڈاکٹر عبید علی نے کووڈ19 ویکسین تجرباتی طور پر پاکستان میں استعمال کرنے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ویکسین کا ٹرائل اور نتائج کی جانچ انتہائی پیچدہ عمل ہوتا ہے، مضر اور مثبت اثرات سامنے آسکتے ہیں تاہم اس کی افادیت اور مضر اثرات سامنے آنے کے لیے مناسب وقت درکار ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔