گیس بحران پرفردوس شمیم نقوی نے وزیر اعظم کو شرم وحیا یاد دلادی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 19 ستمبر 2020

 کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کراچی میں بجلی کے ساتھ گیس کے بحران پر خود اپنی ہی وفاقی حکومت پر برس پڑے۔

فردوس شمیم نقوی نے گیس کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شرم و حیا تک یاد دلادی۔

کراچی میں گیس کی قلت کی وجہ سے بجلی کے بحران میں اضافہ اور شہریوں کی مشکلات پر فردوس شمیم نقوی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے،سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پاکستان میں چاہے حکومت ن لیگ کی ہو یا تحریک انصاف کی، اس شہرمیں گیس کی ڈیلیوری کبھی درست نہیں ہوسکی۔

انھوں نے کہا کہ شہریوں کو گیس نہیں مل رہی، مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں کہ کس کی حکومت ہے، میں اس مسئلے پر شور مچاؤں گا اور شرم بھی دلاؤں گا، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب بھی سنیں، وزیر توانائی عمر ایوب بھی سنیں اور ندیم بابر بھی سنیں میں شور بھی مچاؤں گا اور انھیں شرم بھی دلاؤں گا۔

انھوں نے وزیر اعظم، وفاقی وزیر توانائی اور معاون خصوصی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صاحب سنیں، عمر ایوب سنیں، ندیم بابر سنیں میں یہی کہوں گا کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، دو سال گزرگئے مسئلہ حل کرو، انھوں نے اپنی ہی جماعت کی کراچی کے مسائل کے حل کیلیے کوششوں کا پردہ بھی چاک کرڈالا اور کہا کہ دو سال گزرگئے لیکن کراچی میں گیس کا مسئلہ حل نہ ہوسکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔