جی-20 سمٹ ؛ سعودی فرمانروا اور ترک صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 نومبر 2020
2018 میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی بار رابطہ ہوا ہے، فوٹو : فائل

2018 میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی بار رابطہ ہوا ہے، فوٹو : فائل

سعودی عرب کی میزبانی میں جی-20 سمٹ کے ورچوئل اجلاس کا آغاز ہوگیا ہے اور اس اہم موقع پر فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ترک صدر طیب اردوان سے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات پر غور کیا اور ریاض میں جاری جی۔20 کے ورچوئل اجلاس سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤن نے تنازعات کے خاتمے اور دباؤ کو کم کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے اور تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 2018 میں صحافی جمال خاشقجی کے سعودی قونصل خانے میں قتل کے بعد پہلی بار رابطہ ہوا ہے۔

سعودی عرب اپنے دارالحکومت ریاض میں جی ٹوئنٹی کی دو روزہ سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس کا آغاز آج ہوا ہے اور اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب نے جی-20 کے سربراہ کی حیثیت سے درپیش چیلنجوں کا مقابلہ عزم، حوصلے، صلاحیت اور مستقل مزاجی سے کیا ہے اور اس کے لیے تین نکاتی ایجنڈا ’’دنیا بھر کے انسانوں کو با اختیار بنانا، کرہ ارض کا تحفظ اور نئے افق کی تشکیل‘‘ ترتیب دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔