ایڈووکیٹ نعمت رندھاوا کی کلنگ؛ متحدہ کے دو کارکنوں کو عمر قید کا حکم

کورٹ رپورٹر  پير 30 نومبر 2020
نعمت علی صحافی ولی بابر کا مقدمہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی حیثیت سے چلا رہے تھے۔ فوٹو:فائل

نعمت علی صحافی ولی بابر کا مقدمہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی حیثیت سے چلا رہے تھے۔ فوٹو:فائل

 کراچی: ایڈووکیٹ نعمت علی رندھاوا کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمے میں عدالت نے ایم کیو ایم کے دو مجرموں کاظم عباس اور نعمان کو عمرقید کی سزا سنادی۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 16 نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ایم کیو ایم کے مجرم کاظم عباس اور مجرم نعمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے مجرموں پر دو 2 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا جب کہ عدالت نے غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں مجرم کاظم عباس کو 10 سال قید اور 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے مجرموں کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد نے موقف دیا تھا کہ مجرموں نے مقتول کو کیس سے ہٹانے کے لیے ٹارگٹ کیا۔ نعمت علی رندھاوا صحافی ولی بابر کا مقدمہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی حیثیت سے چلا رہے تھے۔

رانا خالد نے بتایا کہ مجرموں کے خلاف 22 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے ہیں۔ مجرموں نے نعمت علی رندھاوا کو نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیا۔ واقعے میں نعمت علی رندھاوا کے صاحبزادے توقیر رندھاوا زخمی ہوئے تھے۔ مجرموں کے خلاف 2013ء میں نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔