سال 2013 کے جاتے جاتے بھی شہر دھماکوں کی زد میں ہی گھرا رہا اور توحیدآباد میں رکشے میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بڈھ بیرکے علاقے توحیدآباد میں رکشے میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے اس میں سوار 2 افراد موقع پر جاں بحق اور قریب کھڑے 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں جائے حادثہ پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ مطابق رکشہ میں 8 کلو دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا جس کے پھٹنے سے رکشے میں لگا سلنڈر بھی اڑ گیا جس کے نتیجے میں قریب کھڑے افراد اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کی شدت اس قدر شدید تھی کہ قریبی گھروں کی دیواریں گر گئیں، پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔