سیاست کے منصب پر عالم کو بیٹھنے کی اجازت کیوں نہیں، فضل الرحمان

ویب ڈیسک  جمعـء 4 جون 2021
مجھے کہا جاتا ہے مولانا صاحب آپ شریف آدمی ہیں آپ بھی سیاست کرتے ہیں، بھکر میں کارکنوں سے خطاب (فوٹو : فائل)

مجھے کہا جاتا ہے مولانا صاحب آپ شریف آدمی ہیں آپ بھی سیاست کرتے ہیں، بھکر میں کارکنوں سے خطاب (فوٹو : فائل)

بھکر: جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں لفظ سیاست کا مفہوم غلط بتایا گیا ہے، دراصل خالق اور مخلوق کے حقوق کی ادائیگی کا نام سیاست ہے، سیاست کے منصب پر عالم کے بیٹھنے کی اجازت کیوں نہیں؟

بھکر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ مجھے کہا جاتا ہے ’’مولانا صاحب آپ شریف آدمی ہیں آپ بھی سیاست کرتے ہیں‘‘، حالاں کہ خالق اور مخلوق کے حقوق کی ادائیگی کا نام سیاست ہے، امن اور خوشحال معیشت کے لیے انبیا کرام نے جو کام کیا وہ سیاست ہے، جے یو آئی (ف) نے اس مفہوم کو غلط ثابت کیا ہے، علماء انبیا کے وارث ہیں اور انبیاء کی میراث علم ہے روپیہ پیسہ نہیں، سیاست کے منصب پر عالم کے بیٹھنے کی اجازت کیوں نہیں؟

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاست میں ہے، جے یو آئی ف آج سو سال گزرنے کے بعد بھی پورے جوبن پر ہے، ہمارے ہاں سیاست کا لفظ اور اُس کا مفہوم غلط بتایا گیا ہے، سیاسی جماعت کی تشریح غلط کی گئی ہے، سیاست کو دنیاداروں کی چیز بتایا گیا ہے کہ دین والوں کا اس سے تعلق نہیں، سیاست کے بارے میں نظریہ ہے یہ پیسہ کمانے کے لیے ہے جب کہ یہ نظر یہ انگریز کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا بہت بڑا کردار ہے، انگریز اسٹیبلشمنٹ نے یہ تاثر دیا تھا کہ یہ مدرسہ والے کا کام نہیں، اب امریکی اسٹیبلشمنٹ نے مولوی، ڈاڑھی و پگڑی کے خلاف انتہا پسندی کا تاثر دیا ہے چنانچہ جے یو آئی (ف)، وفاق المدارس اور علما نے اس پراپیگنڈے کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔