سعودی عرب میں کسٹم حکام نے مالٹے میں چھپی 45 لاکھ نشہ آور ادویات پکڑ لیں

ویب ڈیسک  بدھ 30 جون 2021
رواں سال اپریل میں بھی کسٹم حکام نے لبنان سے انار میں چھپا کر53 لاکھ کیپٹاگون گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔(فوٹو:سعودی پریس ایجنسی)

رواں سال اپریل میں بھی کسٹم حکام نے لبنان سے انار میں چھپا کر53 لاکھ کیپٹاگون گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔(فوٹو:سعودی پریس ایجنسی)

ریاض: سعودیہ عرب میں کسٹم حکام نے مالٹے میں چھپی نشے آور ادویات کی بڑی کھیپ اسمگل کرنےکی کوشش ناکام بنادی، حکام نے 45 لاکھ  کیپٹاگون گولیاں قبضے میں لے لیں۔ 

سعودیہ عرب کے سرکاری ٹی وی العربیہ کے مطابق کیپٹاگون کے نام سے مشہوران نشے آور گولیوں کوجدہ کی بندرگاہ پر مالٹوں کی شپمنٹ میں چھپا کر اسمگل کرنےکی کوشش کی جا رہی تھی۔ حکام نے جدہ پورٹ پر مالٹوں کے کارٹنز میں آنے والی شپمنٹ کو معمول کے طریقہ کار کے مطابق ایکسرے مشینوں سے چیک کیا تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ پھلوں کے ڈبوں میں مالٹے کے علاوہ کیپٹاگون گولیوں کی بڑی مقدار بھی موجود تھی جس پر کسٹم نے پوری شپمنٹ کو اپنے قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس شپمنٹ کے ذریعے 45 لاکھ نشے آور گولیوں کو مالٹوں میں چھپاکر بھیجا گیا تھا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ منشیات کی اس کھیپ کو کس ملک سے جدہ روانہ کیا گیا تھا۔ تاہم کسٹم حکام نے بندرگاہ اپنا سامان لینے کے انتظار میں موجود متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے منشیات اسمگل کرنے کی بڑھتی ہوئی کوششوں کی وجہ سے رواں سال اپریل سے لبنان سے درآمدات پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ اور گزشتہ ہفتے ہی سعودی حکام نے لبنان سے آنے والی 14 ملین سے زائد نشے آور ادویات اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسے قبضے میں لے لیا تھا۔ جب کہ اپریل میں بھی لبنان سے آںے والی انار کی شپمنٹ میں چھپائی گئی 53 لاکھ کیپٹاگون گولیوں کا ذخیرہ پکڑا گیا تھا اور اس الزام میں حکام نے ایک شامی اور دو سعودی شہریوں سمیت چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔