پنجگور میں آپریشن کے دوران 4ملزم ہلاک خضدار میں اجتماعی قبر سے15لاشیں برآمد

کچھ لاشیں ناقابل شناخت ہیں،2کواسپتال بھجوادیا گیا،ڈپٹی کمشنر،ڈیرہ بگٹی میں گیس لائن تباہ ،سبی میں اے ایس آئی قتل


Numaindgan Express January 26, 2014
پنجگور سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 انتہائی مطلوب ملزم ہلاک اور 7 کو گرفتار کرلیا گیا ،ایف سی ترجمان فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان فائرنگ فورسز کی کارروائی اور دیگر واقعات میں خاتون اور سب انسپکٹر سمیت9افراد ہلاک ہوگئے ۔

ایف سی ترجمان کے مطابق پنجگور کے شمال مشرقی علاقے وشبود میں میں فرنٹیر کور بلوچستان کا سرچ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 انتہائی مطلوب ملزم ہلاک اور 7 کو گرفتار کرلیا گیا ، ان کے قبضے سے خودساختہ یرغمالی بچے اور عورتیں بازیاب اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔ ایف سی کے جوان آپریشن میں مصروف تھے کہ ایک مکان میں چھپے ہوئے شرپسندوں نے حملہ کردیا ،ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹھکانے پر جوابی فائرنگ شروع کردی فرنٹیئر کور اور شرپسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ 36گھنٹے تک جاری رہا مکان میں چھپے ملزمان نے اپنے ہی اہلخانہ چار خواتین و 8بچوں کو ڈھال بناکر فورسز کے خلاف بطور ڈھال استعمال کیا بالآخر ایف سی نے 4شرپسند ہلاک اور7کو گرفتار کرلیا ان کے قبضہ سے ایک عدد راکٹ لانچر ،5کلاشنکوف ،2ایل ایم جی اور ایمونیشن برآمد کرلیا ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایف سی اہلکاروں کو کامیاب آپریشن کو سراہا ،ضلع خضدار کے علاقہ توتک سے زمین میں دفن 15لاشیں برآمد کرلی ۔

جن میں سے دو لاشوں کو شناخت کیلیے سول ہسپتال پہنچادیا گیا لاشوں کی حالت انتہائی خراب ہیں اور کچھ لاشیں ناقابل شناخت ہے جن کی شناخت صرف ان کے کپڑوں سے کی جاسکتی ہے ،ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی کہ ضلع خضدار کے علاقے توتک میں زمین میں نامعلوم افراد کو دفن کیا ہے جن میں سے کچھ لاشوں کی ہڈیا ں نظر آرہی ہیں جس پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار کی سربراہی میں ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر روانہ کی وہاں پہنچ کر ان لاشوں کو نکالا جن میں سے دو افراد کی لاشوں کو شناخت کیلیے سول ہسپتال خضدار پہنچادیا گیا جبکہ دیگر لاشیں ابھی تک دفن ہے لیویز انتظامیہ نے بتایا کہ جن لاشوں کو سول ہسپتال لائے ہیں۔



یہ تقریباً ایک ماہ پرانی لگتی ہے جن کی صرف ہڈیاں اور ڈھانچے ہیں ان لاشوں کی شناخت ان کے جسم پر کپڑوں سے کی جاسکتی ہے جبکہ آج مزید کھدائی کی جائیگی ڈپٹی کمشنر کے مطابق لاشوں کی تعداد 15یا اس سے زیادہ ہوسکتی ہے ۔کوئٹہ پولیس نے کلی اسماعیل کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 98مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ،اسی علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان کانسٹیبلری کے اے ایس آئی محمدمالک کو قتل کردیا ۔

دیگر دو واقعات میں فائرنگ کرکے 4افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا قتل ہونے والوں میں دوخواتین بھی شامل ہیں ،اوتھل کے علاقے میں کوسٹ گارڈ کی کارروائی کوئٹہ سے کراچی جانیوالے سڑک سے 17من چرس برآمد کرلی منشیات کی مالیت بین الاقوامی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے ،ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم ملزمان نے پیر کوہ سے سوئی پلانٹ جانے والی سولہ انچ قطر گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی ،کچلاک کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ چمن شاہراہ سے دو مارٹر گولے برآمد کرلیے ،خضدار میں پولیس نے کارروائی کرکے 2 اشتہاری ملزمان عبدالباسط اور اللہ بخش کو گرفتار کرلیا ،بنو ں جیل سے فرار ہونے والا قیدی کچلاک سے گرفتار کرلیا گیا ملزم کا نام زمرد خان بتایا جاتا ہے ،کوئٹہ کے علاقے مسجد روڈ پر طوبیٰ مسجد کے قریب پڑے مشکوک بیگ سے پستول ، متعدد رائونڈ اور موبائل فون برآمد کرکے علاقہ پولیس نے مزید کارروائی شروع کردی ۔

مقبول خبریں