کورونا فنڈز کرپشن بریفنگ دی تو پاکستان کو ویکسین ملنا بند ہوجائیں گی سیکرٹری صحت

سیکرٹری صحت کی سینیٹ کمیٹی کو کورونا فنڈز کے معاملے پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کی پیشکش


ویب ڈیسک August 13, 2021
سیکرٹری صحت کی سینیٹ کمیٹی کو کورونا فنڈز کے معاملے پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کی پیشکش

سینیٹ کمیٹی میں کورونا فنڈز میں مبینہ بے قاعدگیوں کے معاملے پر وفاقی سیکرٹری صحت نے میڈیا کی موجودگی میں بریفنگ دینے سے معذرت کرلی، سیکرٹری صحت نے کمیٹی کو کورونا فنڈز کے معاملے پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کی پیشکش کردی۔

چیئرمین محمد ہمایوں کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری صحت کی پیشکش پر پیپلز پارٹی کے رکن کمیٹی سینیٹر بہرہ مند تنگی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ کورونا کا معاملہ عوامی اہمیت کا ایک مسئلہ ہے،اس معاملے کو ان کیمرا کیوں کیا جائے؟ ۔

سیکرٹری صحت نے جواب دیا کہ کچھ ایسے معاہدے ہیں جن کو سب کے سامنے پبلک نہیں کر سکتے ، بہرامند تنگی نے کہا کہ کیا میڈیا کے سامنے بریفنگ سے ویکسین پر پابندی لگ جائیگی۔ سیکرٹری نے کہا کہ اگر بریفنگ دی تو پاکستان کو ملنے والی ویکسین بند ہوجائیں گی۔ کمیٹی نے اتفاق کیا کہ اس ضمن میں ان کیمرہ بریفنگ دی جائے۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت نے صحت سہولت پروگرام سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ میں کہا کہ صحت سہولیات پروگرام مختلف صوبوں میں چل رہا ہے تاہم سندھ اور بلوچستان میں یہ پروگرام نہیں چل رہا ۔ سندھ حکومت نے صحت سہولت پروگرام شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ، صحت کا کوئی بھی پروگرام ہوگا وہ صوبے خود کریں گے۔

سیکرٹری صحت نے کہا کہ سندھ میں تھر پارکر میں وفاقی حکومت صحت سہولت پروگرام کو پی ایس ڈی پی سے فنڈ کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر صحت سہولت پروگرام محمد ارشد نے کہا کہ وفاق کے زیر اہتمام علاقوں کے لیے صحت سہولت پروگرام میں 5 ہزار 600 ملین روپے رکھے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام صوبوں کے لیے یونیورسل ہیلتھ پروگرام شروع کا فیصلہ کیا ہے۔

مقبول خبریں