نیشنل ٹی 20؛ وکٹ کیپر بیٹسمین فتح کی کنجی بن گئے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 26 ستمبر 2021
محمدرضوان کی ففٹی نے خیبرپختونخوا کوسدرن پنجاب کیخلاف7وکٹ سے سرخرو کرا دیا۔ فوٹو: پی سی بی

محمدرضوان کی ففٹی نے خیبرپختونخوا کوسدرن پنجاب کیخلاف7وکٹ سے سرخرو کرا دیا۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور: نیشنل ٹی 20 کپ میں وکٹ کیپر بیٹسمین فتح کی کنجی بن گئے جب کہ سرفراز احمد نے ناقابل شکست 42 رنز بنا کر سندھ کی ناردرن کیخلاف4 وکٹ سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پنڈی اسٹیڈیم میں خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، عمران خان نے اپنے دوسرے اوور میں 2شکار کرتے ہوئے ذیشان اشرف(11)کو عادل امین کا کیچ بنوانے کے بعد صہیب مقصود کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کی مدد سے جکڑ لیا۔

محمد وسیم نے زین عباس(12)کو صاحبزادہ فرحان کی معاونت سے آؤٹ کیا، محمد عمران نے بحالی کا سفر جاری رکھا،خوشدل شاہ(24) نے ان کا تھوڑی دیر ساتھ دیا مگر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دے کر رخصت ہوگئے۔

پیسر نے اسی اوور میں محمد عمران(54)کو محمد وسیم کی مدد سے میدان بدر کیا، آصف آفریدی نے عامر یامین کی اننگز 2پر تمام کرنے کیلیے شاہین کا سہارا لیا،محمد وسیم نے اعظم خان کی اننگز 14تک محدود کردی، کیچ عمران خان نے لیا، محمد الیاس(1)شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے،آخری اوور میں عمران خان نے 2 شکار کیے، انھوں نے پہلے حسان خان(25)کا قصہ تمام کرنے کیلیے فخرزمان کی مدد لی،اس کے بعد نسیم شاہ(0)کو مصدق احمد کا کیچ بنوا دیا۔

سدرن پنجاب کی ٹیم 152رنز تک محدود رہی، عمران خان4اور شاہین شاہ آفریدی3وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔جواب میں خیبرپختونخوا کے فخرزمان(1)کو نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو کردیا، صاحبزادہ فرحان نے محمد رضوان کے ہمراہ 136رنز کی شراکت سے ٹوٹل 140تک پہنچایا،انھیں 73پر نسیم شاہ نے خوشدل شاہ کا کیچ بنوا دیا،اگلے اوور کی پہلی گیند پر محمد رضوان (64)کو فیصل اکرم نے اسٹمپڈ کروا دیا۔

خیبرپختونخوا نے ہدف 3وکٹ پر 2بالز قبل حاصل کرلیا،افتخار احمد اور عادل امین 6،6رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،نسیم شاہ نے 2 وکٹیں لیں۔ دوسرے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،محمد حسنین نے عمرامین(18)کو دانش عزیز کا کیچ بنوا دیا، شاہنواز دھانی نے ذیشان ملک(11)کو میدان بدر کرنے کیلیے محمد حسنین کی مدد لی،حیدر علی(8)دانش عزیز اور دھانی کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے۔

کپتان شاداب خان کو زاہد محمود نے 7رنز تک محدود کردیا، محمد حسنین نے کیچ لیا،محمد نواز 30کی مزاحمت کرنے کے بعد اسپنر کا دوسرا شکار بنے،سرفراز احمد نے انھیں اسٹمپڈ کردیا، آصف علی(10)کو محمد حسنین نے وکٹ کیپر کی مدد سے دھرلیا، سنچری مکمل ہوتے ہی شاہنواز دھانی نے عماد وسیم(18)کو بولڈ کیا،انھوں نے اگلی گیند پر سہیل تنویر(0)کو زاہد محمود کا کیچ بنوایا، آخری اوور میں حارث رؤف(19)کو رومان رئیس نے بولڈ کردیا، زمان خان(0)کو شان مسعود نے رن آؤٹ کیا۔

ناردرن کی ٹیم136پر ڈھیر ہوگئی،شاہنواز دھانی 3جبکہ محمد حسنین اور زاہد محمود 2،2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں سندھ کے اوپنر شان مسعود (4) کو حارث رؤف نے وکٹ کیپر روحیل نذیر کا کیچ بنوا دیا، سہیل تنویر نے خرم منظور(1)کو ایل بھی ڈبلیو کیا، اسی اوور میں سعود شکیل(8)رن آؤٹ ہوگئے، عماد وسیم نے شرجیل خان(43)کو اسٹمپڈ کروا دیا، اسپنر نے دانش عزیز(5)کو وکٹ کیپر کی مدد سے دھرلیا،انور علی نے31 رنز کی اننگز سے ہدف آسان بنا دیا،انھیں حارث نے حیدر کا کیچ بنوایا۔

مین آف دی میچ سرفراز احمد نے42رنز پر ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹیم کو ایک اوور قبل فتح دلا دی،رومان صفر پر ناٹ آؤٹ رہے، حارث رؤف اور عماد وسیم کے 2،2شکار کسی کام نہ آئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔