پاکستان سے سیریز؛ بنگال ٹائیگرزہتھیار چمکانے کو تیار

اسپورٹس ڈیسک  پير 27 ستمبر 2021
آئندہ ماہ شیڈول نیشنل لیگ آنے والے چیلنج کی تیاری کا موقع ہوگی، نیشنل سلیکٹر ۔ فوٹو : فائل

آئندہ ماہ شیڈول نیشنل لیگ آنے والے چیلنج کی تیاری کا موقع ہوگی، نیشنل سلیکٹر ۔ فوٹو : فائل

دھاکا:  بنگلہ دیش نے پاکستان سے آنے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے ابھی سے ہتھیار چمکانے کی تیاری شروع کردی ہے۔

نیشنل کرکٹ لیگ کو اس حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں پاکستان سے یہ مقابلے رواں برس نومبر، دسمبر میں شیڈول ہیں، بنگلہ دیشی نیشنل ٹیم سلیکٹر حبیب البشر کا کہنا ہے کہ آنے والی نیشنل کرکٹ لیگ ان میچز کی تیاریوں کے لیے اہم ہوگی، ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد پاکستان سے ہوم سیریز ٹائیگرز کا اہم اسائمنٹ ہے۔

میگا ایونٹ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک یواے ای میں شیڈول ہے، کورونا وائرس کے سبب نیشنل لیگ کو پہلے ملتوی کیاگیا تھا اور پھر گذشتہ برس اسے منسوخ کردیا گیا تھا لیکن اس بار نیشنل لیگ اکتوبر میں 2وینیوز پر منعقد کی جائیگی، سابق کپتان حبیب البشر کے مطابق ہم نے کوویڈ میں سفری مسائل کے سبب لیگ کو روکا تھا ، ہم چاہتے تھے کہ ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے پر کھیلنے کا موقع ملے لیکن وائرس کے سبب ایسا کرنا خطرے سے خالی نہیں ہوتا، لہذا اس بار لیگ کے میچز کاکس بازار اور سلہٹ میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

نیشنل لیگ کے لیے اسکواڈز میں 20 سے 22 پلیئرز کو شامل کیا جائیگا، ہمیں امید ہے مسابقتی ایونٹ میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو مھارنے کا بھرپور موقع مل پائے گا، ورلڈ کپ کے بعد ہمارے پاس چند ٹیسٹ میچز ہیں اور اس کے لیے کھلاڑیوں کے پاس لیگ تیاری کا بہترین موقع ہوگی۔

میرے خیال میں نیشنل لیگ پاکستان سے آنے والی سیریز کی تیاریوں میں بھی معاون رہے گی، بنگلہ دیش نے گذشتہ برس فروری میں پاکستان سے ایک ٹیسٹ کھیلا تھا، جس کے بعد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ ٹیموں کا سفر کرنا دشوار ہوگیا تھا، پاکستان نے یہ مقابلہ اننگز اور 44 رنز سے اپنے نام کیا ہے، حبیب البشر نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کیخلاف ایسی پرفارمنس کو دہرانا نہیں چاہتے، پاکستان سے سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سائیکل 2 میں بنگلہ دیش کے لیے نقطہ آغاز بھی ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔