کیویز بھارت کی قسمت کے ساتھ کھیلیں گے

آج مقابلہ افغانستان سے ہوگا، جان بھارتیوں کی سولی پر لٹکی ہوگی۔


Sports Desk November 07, 2021
آج مقابلہ افغانستان سے ہوگا، جان بھارتیوں کی سولی پر لٹکی ہوگی۔ فوٹو: فائل

کیویز آج بھارت کی قسمت کے ساتھ کھیلیں گے جب کہ مقابلہ افغانستان سے ہوگا جان بھارتیوں کی سولی پر لٹکی ہوگی۔

آج آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 راؤنڈ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان اپنا آخری میچ کھیلیں گے، مقابلہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہے مگر داؤ پر بھارتی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں لگی ہوئی ہیں۔

کیویز اگر یہ میچ جیت گئے تو ویراٹ کوہلی کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں ختم ہوجائیں گی،اس صورت میں نیوزی لینڈ کے 8 پوائنٹس بھارتی پہنچ سے باہر ہوں گے، یوں ان کا پیر کے روز نمیبیا سے مقابلہ صرف رسمی کارروائی رہ جائے گا۔

جمعے کے روز نمیبیا کے خلاف شاندار کامیابی کی وجہ سے نیوزی لینڈ کا اعتماد مزید بلند ہوگیا ہے، ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر جمی نیشم اور گلین فلپس نے میچ کا کنٹرول سنبھال کر ایک چیلنجنگ ٹوٹل تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا، کیوی بولرز بھی کافی تجربہ کار اور ٹورنامنٹ میں اب تک اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرچکے ہیں، وہ افغان بیٹرز کیلیے بھی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے بیٹرز کو بہرحال افغانی اسپن جال سے بچنا ہوگا، اس صورت میں مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل کی جانب سے تیز رفتار آغاز کافی اہم ہوگا۔

دوسری جانب افغانستان کے بیٹرز کی پرفارمنس بھی کافی بہتر رہی اور بولنگ اٹیک بھی پورے اعتماد کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھا رہا ہے،البتہ انجری کے باعث مجیب الرحمان کی عدم دستیابی بولنگ ڈپارٹمنٹ کو قدرے کمزور کرسکتی ہے۔

یاد رہے کہ افغان ٹیم نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو شکست دے چکی جبکہ دونوں بڑی فتوحات کی وجہ سے اس کا رن ریٹ بھی قدرے بہتر ہے۔

مقبول خبریں