عالمی شہرت یافتہ ڈھولچی پپو سائیں انتقال کرگئے

شوبز رپورٹر  اتوار 7 نومبر 2021
پپو سائیں جگر کے کینسر میں مبتلا تھے، ڈاکٹروں کے مطابق ان کے جگر کا 80 فیصد سے زائد حصہ کام کرنا بند کر چکا تھا۔(فوٹو: فائل)

پپو سائیں جگر کے کینسر میں مبتلا تھے، ڈاکٹروں کے مطابق ان کے جگر کا 80 فیصد سے زائد حصہ کام کرنا بند کر چکا تھا۔(فوٹو: فائل)

 لاہور: عالمی شہرت یافتہ ڈھولچی پپو سائیں جگر کے کینسر سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گئے، مرحوم کی نماز جنازہ شاہ جمال دربار میں ادا کر دی گئی، جس میں عزیز و اقارب کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ڈھولچی ذوالفقار علی عرف استاد پپو سائیں انتقال کر گئے، ان کی نمازہ جنازہ شاہ جمال لاہور دربار میں ادا کی گئی، مرحوم کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق ان کے آبائی گاؤں چک جمھرو فیصل آباد میں ادا کی گئی۔

اہل خانہ کی درخواست پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے پپو سائیں کا علاج حکومتی خرچ پر کرنے کا اعلان کیا تھا اور صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے بھی اسپتال میں پپو سائیں کی عیادت کی تھی۔

پپو سائیں کی وجہ شہرت صوفی طرز کی ڈھول کی تھاپ پر دیوانہ وار رقص تھا، یہ رقص وہ خود ہی ڈھول بجاتے ہوئے کرتے، اور وہ اس فن کا مظاہرہ ہر جمعرات کو شاہ جمال کے مزار پر کرتے تھے۔ اسی طرز پر ڈھول کی تھاپ پر اسی مزار پر ایک اور صوفی موسیقار گونگا سائیں بھی مشہور ہیں جو پپو سائیں کے ہمراہ اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہے۔

پپو سائیں نے اپنے اس طرز موسیقی و رقص کو نہایت کامیابی سے یورپ، جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے صوفی حلقوں میں روشناس کرایا، انہوں نے تقریباً تمام مسلم ممالک اور امریکا میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

پپو سائیں جگر کے کینسر میں مبتلا تھے، ڈاکٹروں کے مطابق ان کے جگر کا 80 فیصد سے زائد حصہ کام کرنا بند کر چکا تھا، جس کے باعث وہ انتقال کرگئے۔

صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے پپو سائیں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ مرحوم نے اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، اللہ عزوجل مرحوم کے اہل خانہ کو صبر جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔