سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کو دبئی جانے کی اجازت دے دی

ہائیکورٹ کا شرجیل میمن کو 10 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم


کورٹ رپورٹر November 15, 2021
ہائیکورٹ کا شرجیل میمن کو 10 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کو دبئی جانے کی اجازت دیتے ہوئے 10 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکلا نے عدالت میں موقف دیا کہ وفاق اور نیب کو شرجیل میمن کے بیرون ملک جانے پر اعتراض نہیں۔پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ بیرون ملک سفر کرنا شرجیل میمن کا بنیادی حق ہے۔ شرجیل میمن کو زر ضمانت کے عوض اجازت دے دی جائے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ارشاد بندھانی نے موقف اپنایا کہ ہمارا بھی یہی کہنا ہے۔ راج علی واحد ایڈوکیٹ نے بتایا کہ عدالت نے یکم اپریل 2022 تک شرجیل میمن کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے شرجیل میمن کو دبئی جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے بطور زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

درخواست گزار کے وکیل راج علی واحد ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ شرجیل میمن کو حکومت سندھ نے عرب امارات میں ہونیوالے فیسٹیول کیلیے فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔ فوکل پرسن کی حیثیت سے شرجیل میمن کو 15 نومبر سے فیسٹول میں شرکت کرنی ہے۔ شرجیل میمن ایکسپو میں سندھ حکومت کی نمائندگی کریں گے۔ نیب کے مطابق شرجیل میمن کیخلاف 2 ریفرنسز دائر ہوچکے اور 4 انکوائریاں جاری ہیں۔

مقبول خبریں