وزیراعظم نوازشریف کا دورہ کراچی ملتوی کردیا گیا

وزیراعظم نوازشریف نے پی ایف میوزیم میں ’’ایکسپو ٹرافی ایوارڈ‘‘ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنا تھی۔


ویب ڈیسک February 17, 2014
وزیر اعظم کو کراچی میں امن و امان کے قیام کے لئے جاری ٹارگٹڈ آپریشن سےمتعلق بریفنگ دی جانی تھی فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے اپنا دورہ کراچی ملتوی کردیا جہاں انہیں ''ایکسپو ٹرافی ایوارڈ'' کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنا تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی کے ہمراہ منگل کو کراچی پہنچنا تھا تاہم اب ان کا دورہ منسوخ کردیا گیا ہے جس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی، وزیراعظم نے کراچی کےدورے کےموقع پر پی ایف میوزیم میں ''ایکسپو ٹرافی ایوارڈ'' کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنا تھی جب کہ امکان تھا کہ ایم کیو ایم کا وفد بھی ان سے ملاقات کرتا اس کے ساتھ ساتھ گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ(ن) کے وفود نے بھی وزیراعظم سےملاقات کرنا تھی، دورہ کراچی کے دوران وزیراعظم کو شہر میں امن و امان کے قیام کے لئے جاری ٹارگٹڈ آپریشن سےمتعلق بھی بریفنگ دی جانی تھی ۔

واضح رہے کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر ایم کیو ایم کی جانب سے اپنے تحفظات کے اظہار کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیر داخلہ نے دورہ مکمل کرنے کے بعد تمام صورتحال سے وزیر اعظم کو بھی آگاہ کیا تھا اوران کا یہ دورہ اسی تناظرمیں بھی دیکھا جارہا تھا۔

مقبول خبریں