گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان جلد متوقع

شبیر حسین  اتوار 20 فروری 2022
جی بی کونسل بھی ختم ہو جائے گی، گلگت بلتستان میں انتخابات دیگر صوبوں کے ساتھ ہونگے۔ فوٹو : فائل

جی بی کونسل بھی ختم ہو جائے گی، گلگت بلتستان میں انتخابات دیگر صوبوں کے ساتھ ہونگے۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہو گیا جب کہ عبوری صوبہ کے قیام بارے اسٹیک ہولڈروں کے مابین مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

گلگت بلتستان کو صوبہ بننے کے بعد قومی اسمبلی میں تین جنرل اور ایک مخصوص نشست ملے گی،سینٹ میں سات نشستوں پر اتفاق ہوچکا، این ایف سی میں جی بی کا حصہ4 فیصد مقررکرنے پر اتفاق پایا گیا، گلگت بلتستان کو معاشی طور پر مستحکم ہونے تک گندم پر سبسڈی اور ٹیکس پر حاصل چھوٹ برقرار رہے گی۔

وفاق کی جانب سے صوبے کے قیام کا اعلان جلد متوقع ہے، عبوری صوبہ کے قیام کا بل جی بی اسمبلی و قومی اسمبلی میں جلد پیش کیا جائے گا۔ دونوں ایوانوں سے بل کی حمایت بارے بھی اتفاق رائے ہوچکا ہے۔

عبوری صوبہ کے قیام کیلئے گلگت بلتستان حکومت و اپوزیشن جماعتوں نے قبل از وقت اسمبلی و حکومت تحلیل کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس ضمن میں باضابطہ معاہدہ ہوا ہے کہ اب گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات2023 ء میں ملک کے دیگر صوبوں کے ساتھ ہی ہوں گے جس کے نتیجے میں موجودہ اسمبلی کی مدت محض ڈھائی سال ہی ہوگی، جی بی کونسل بھی ختم ہوجائے گی۔

وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان عبوری صوبہ کے قیام سے متعلق آئین پاکستان میں ترمیم کیلئے باضابطہ بل کو حتمی شکل دیدی، مجوزہ ترمیمی بل میں چیف کورٹ گلگت بلتستان کو ہائی کورٹ گلگت بلتستان کا نام دینے کی تجویز دی ہے، سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کو ختم کرکے سپریم کورٹ آف پاکستان کے دائرہ کار کو گلگت بلتستان تک توسیع دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کو ختم کیا جائے گا تاہم اس کے ایک رکن کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ممبر بنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔