اپنے سر پر گھر کا دروازہ لے کر گھومنے والی چیونٹی

ڈور ہیڈ آںٹس کی کئی اقسام ایسی ہیں جن کا سر عین گھونسلے کے سوراخ کی مانند ہوتا ہے جسے وہ ڈھانپ دیتی ہیں


ویب ڈیسک March 14, 2022
بعض اقسام کی چیونٹیوں کے سر پر دروازہ نما گول تھال جیسا ہوتا ہے جس سے وہ گھونسلے کا دروازہ بند رکھتی ہیں۔ فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل

قدرت کے کارخانے میں ایسی چیونٹیاں بھی پائی جاتی ہیں جن کے سر گول سکے کی مانند اور چپٹے ہوتے ہیں۔ یہ چیونٹیاں اس قدرتی اوزار سے اپنے گھر کا دروازہ بند رکھتی ہیں۔

ان میں سب سے مشہور 'دروازہ سر چیونٹی' یا ڈور ہیڈ آنٹ کا نام دیا گیا ہے۔ چیونٹی کا سر کسی ذرہ بکتر کی طرح عام حالات میں اس کی حفاظت کرتا ہے اور گھر پہنچنے پر وہ اس سے گھر کے دروازے کو ڈھانپ دیتی ہیں تاکہ صرف مخصوص چیونٹیاں ہی اندر آسکیں۔

ماہرین کے مطابق کئی اقسام کی چیونٹیاں اپنے سر پہ گھر کا دورازہ لیے گھومتی پھرتی ہیں۔ ان میں کیفلوٹس اور کیئربرا نامی چیونٹیاں بھی شامل ہیں۔ حیرت انگیز ترین بات یہ یے کہ ان کے ڈھکن نما سر کی جسامت عین دروازے کے دہانے جیسی ہوتی ہیں جو کروڑوں سال کے ارتقا میں پیدا ہوئی ہے۔

دوسری قسم ٹرٹل آنٹ بھی قابلِ ذکر ہے جس کے سرپہ تھال نمال قدرے مخروطی ابھار ہوتا ہے جسے وہ گھونسلے پر چپکا کر دروازہ بند کردیتی ہے۔ واضح رہے کہ درخت کی شاخ میں سوراخ کرنے والے بھنورے کچھ دیر بعد وہاں سے چلے جاتے ہیں اور وہ چیونٹیوں کا گھر بن جاتا ہے جہاں پوری کالونی رہنے لگتی ہیں۔

چیونٹیاں اندر گہری سرنگیں بناکر رہتی ہیں۔ اس موقع پر ڈھکنے والی چیونٹی رات کو دروازہ بند کردیتی ہے اور یوں حملہ آور کیڑوں اور جانوروں سے محفوظ رہتی ہیں۔ جامعہ لوئی ویلی کے پروفیسر اسٹیو یانوویاک کے مطابق یہ خود کو محفوظ رکھنے کا ایک بہت غیرتصادمی طریقہ ہے۔

ان اقسام کی چیونٹیوں کے ڈنک نہیں ہوتے اور اپنا بچاؤ نہیں کرسکتیں۔ پھر ان میں سپاہی چیونٹیاں بھی نہیں ہوتیں۔ لیکن یہ نہ سمجھیں کہ دروازے والی چیونٹی ہر وقت وہاں کھڑی نہیں رہتیں۔ جب جب چیونٹی کوئی خطرہ محسوس کرتی ہیں تو وہ سر کے بل پر دروازہ بند کردیتی ہیں۔

مقبول خبریں