بونیر سیاسی رہنما سمیت 3 افراد بم حملے میں جاں بحق پشاور میں شدت پسند اپنے ہی بم سے ہلاک

قومی وطن پارٹی کے رہنماعدالت خان کوریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایاگیا،وطن پارٹی کاسوگ،پختونخوابار کا بائیکاٹ کااعلان


Numaindgan Express February 23, 2014
شدت پسندکاہدف صحت کاانصاف مہم یا اہلکار تھے، پولیس، فوٹو: فائل

بونیر میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں قومی وطن پارٹی کے ضلعی آرگنائزر عدالت خان ایڈووکیٹ اپنے ایک ساتھی اور محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے جبکہ پشاور میں مبینہ خودکش بمبار ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔

عدالت خان کے بھائی گوہر علی خان کے مطابق وہ ہفتے کواپنی کار میں محافظ اور 3 ساتھیوں سمیت ڈسٹرکٹ کورٹ ڈگر جارہے تھے کہ شوگا کے مقام پر ان کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا، دھماکے میں عدالت خان ، ان کے ساتھی عابد اور اسپیشل فورس کا جوان محمد یارروز جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے 2 ساتھی مستقیم اور محمدامین شدید زخمی ہوگئے جنھیں پشاور منتقل کردیا گیا، عدالت خان بونیر بار کے صدر اور تحصیل ناظم رہ چکے ہیں جبکہ وہ بونیرقومی لشکرکے ممبر بھی تھے، مقامی پولیس افسر غلام محمد نے بتایا کہ عدالت خان کو دھمکیاں مل رہی تھیں، اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی سردار سورن سنگھ ڈگر اسپتال پہنچے اور لواحقین سے ہمدری کا اظہار کیا۔ قومی وطن پارٹی کے رہنمائوں آفتاب شیرپائو ، سکندر شیرپائو نے عدالت خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، پختونخوا بار کونسل نے بھی کل صوبے بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ ادھرپشاور کے علاقے ناصر باغ میں شدت پسند پولیس ناکے کے قریب بارودی مواد نصب کررہا تھا کہ دھماکے سے خود ہی ہلاک ہوگیا۔اے آئی جی شفقت ملک نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں 15 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، حملہ آورکا ہدف صحت کا انصاف مہم یا پولیس اہلکار تھے۔ بھانہ ماڑی میں ٹھیکیدار کے مکان کے قریب دھماکے سے گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس نے نشتر آباد سے تاجروں سے بھتہ مانگنے والے گروہ کے 2 کارندے گرفتار کرلیے، ملزمان میں تھرڈ ایئر کا ایک طالب علم بھی شامل ہے۔ ٹانک میں کلینک کے قریب رکھا گیا ڈھائی کلو وزنی بم ناکارہ بنادیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں نامعلوم افراد نے سی ڈی شاپ کو نذر آتش کردیا۔ سوات کے علاقے مٹہ میں کھیتوں میں پڑا مارٹر گولہ ناکارہ بنادیا گیا۔

مقبول خبریں