اپوزیشن سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  پير 4 اپريل 2022
عمران خان نے احتجاج کی کال دی تو آپ کا گھروں میں رہنا مشکل ہو جائے گا، فواد چوہدری  فوٹوفائل

عمران خان نے احتجاج کی کال دی تو آپ کا گھروں میں رہنا مشکل ہو جائے گا، فواد چوہدری فوٹوفائل

 اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

شہبازگل کے ہمراہ میڈیا سے  بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا کافی لمبا نوحہ سنا، سپریم کورٹ بینچ پر تنقیدی حملے ہو رہے ہیں، ن لیگ اور پی پی کس منہ سے آئین کا نام لے رہی ہے ان کو شرم آںی چاہیے، کیا لوگوں کو خریدنا اور ہارس ٹریڈنگ آئین کا حصہ ہے، اسپیکر کی رولنگ کو آئین سے بغاوت کہنے والے یہ ہوتے کون ہیں، اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی نہیں کہا جاسکتا، آرٹیکل 6 سے پہلے آرٹیکل 5 ہے جس میں وفاداری کی بات ہے، ان جماعتوں نے آئین کی دھجیاں اڑائیں ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے سڑکوں پر آنے کا کہہ رہے ہیں، عمران خان نے احتجاج کی کال دی تو آپ کا گھروں میں رہنا مشکل ہو جائے گا، یہ لوگ سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن سپریم کورٹ پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا، سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہوئی تو ہم ردعمل دیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلایا اور اس میں اپوزیشن کو دعوت دی، لیکن یہ لوگ نہیں آئے، اب اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو عبوری حکومت کے لئے خط لکھا ہے اور وزیراعظم کے لئے 3 نام دیئے ہیں، شہبازشریف نگران وزیراعظم کے نام پر یا مشاورت کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو نہ بنیں، 7 دنوں میں اگر نگران وزیراعظم کا نام نہیں دیا جاتا تو پھر  3 ناموں میں سب سے اوپر جس کا نام ہوگا وہ وزیراعظم بن جائے گا۔

متحدہ اپوزیشن چوں چوں کا مربہ ہے، 90 روز میں ملک میں الیکشن ہونے ہیں اور یہ لوگ الیکشن اور عوام سے بھاگ رہے ہیں، الیکشن سے راہ فرار ممکن نہیں، آئیں اور مقابلہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔