ڈاکٹر اطہر عطا نے جامعہ اردو کے مستقل وائس چانسلر کے طور پر جوائننگ دیدی

صفدر رضوی  بدھ 25 مئ 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

(فوٹو: ٹوئٹر)

 کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطا نے 3 ماہ بعد کینیڈا سے کراچی پہنچ کر یونیورسٹی میں جوائننگ دیدی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر اطہر عطا کو بطور وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری فروری کے پہلے ہفتے میں یونیورسٹی کے چانسلر اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دی تھی اور 22 فروری کو ان کو وائس چانسلر مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا تھا۔

تاہم اس دوران مسلسل تین ماہ تک وہ وزارت تعلیم سے جوائننگ کے لیے وقت مانگتے رہے جبکہ یونیورسٹی قائم مقام وائس چانسلر معاملات چلارہے تھے۔
صدر مملکت نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطا کی تنخواہ میں 5 لاکھ روپے اضافے کی بھی منظوری دی تھی جس کے بعد انکی مجموعی تنخواہ 12 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ تلاش کمیٹی کی سفارش میں وہ میرٹ لسٹ میں دوسرے نمبر پر تھے تاہم وہ تین شارٹ لسٹڈ امیدواروں میں واحد ہیں جن کے پرچے مطلوبہ تعداد میں ایچ ای سی کے تسلیم شدہ جرنلز میں شائع ہوئے ہیں۔

انھوں نے جامعہ کراچی کے ایچ اے جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ڈا کٹر اقبال چوہدری کی زیر نگرانی پی ایچ ڈی مکمل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔