ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کو بھی شریک کیا جائے نواز شریف

بڑے شہروں میں بلند عمارتیں بنانے کیلیے علاقے مخصوص کیے جائیں، اجلاس سے خطاب


بڑے شہروں میں بلند عمارتیں بنانے کیلیے علاقے مخصوص کیے جائیں، اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میگا پروجیکٹس میں حکومت پرمعاشی بوجھ کم کرنے کیلیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بہترین ذریعہ ہے، لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور بہترین نتائج کیلیے منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے۔

یہاں جاتی عمرہ رائیونڈ میں راوی زون ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ان منصوبوں کے معیار کو برقرار رکھنے کیلیے نجی شعبے سے سرمایہ کاروں کو بھی شریک کیا جائے جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرزکی ماہرانہ رائے کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلزکومد نظر رکھتے ہوئے لاہور سمیت بڑے شہروں میں ''high end areas'' بنائے جائیں، جن میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کی اجازت ہونی چاہیے۔ انھوں نے لاہور کے مضافاتی علاقوں میں کمرشل اور رہائشی عمارتوں کی اعلیٰ طرز تعمیر پر زوردیا تاکہ تاریخی شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ کچی آبادیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہاں سہولتوں کی بہترین فراہمی اور انھیں منظم طرز زندگی مہیا کرنے میں حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیر اعظم نے لاہور میں زیرزمین پانی کی گرتی سطح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایل ڈی اے کو ہدایت کی کہ شہر کے زیر زمین پانی کی سطح بلند کرنے کیلیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں جبکہ اس سلسلہ میں تجاویز پر مبنی ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبرہ جہانگیر اور اسکے گردونواح کی اصل خوبصورتی کو یقینی بنانے کیلیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے سنگاپور کی کمپنی کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔ خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا حکومت زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کیلیے مسلسل اصلاحات لارہی ہے ' خواتین کے مفادات کا تحفظ اور انھیں بلاا متیاز مساوی مواقع فراہم کرنا ہمارا قومی فرض ہے۔ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔نواز شریف پارٹی کے اراکین اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور افضل کھوکھر سے انکے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت کیلیے بغیر پروٹوکول انکی رہائشگاہ کھوکھر پیلس گئے۔ وہ صنعتکار میاں منشا کے گھر بھی گئے اور انکی عیادت کی، میاں منشا کے گھر انھوں نے ٹی وی پر پاک، سری لنکا کرکٹ میچ بھی دیکھا۔

مقبول خبریں