شہباز گل کی صحت کے حوالے سے نیا چار رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اگست 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کی صحت کے حوالے سے پمز اسپتال نے چار رکنی نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کو پمز ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق 4 رکنی نئے میڈیکل بورڈ میں ایچ او ڈی میڈیسن ڈاکٹر شفقت خاتون، سرجری سے ڈاکٹر انعام شامی، ائی سی یو کے ڈاکٹر سلمان، پلمونوجی سے ڈاکٹر ضیاء بھی بورڈ میں شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ شہباز گل کی صحت کا جائزہ لے کر انہیں اسپتال میں رکھنے یا چھٹی دینے سے متعلق سفارش کرے گا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے شہباز گل پر تشدد کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

دوسری جانب پمز میں ‏شہباز گل کے معمول کے کلینیکل ٹیسٹ کیے گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ‏شہباز گل کو سینے میں انفیکشن، جسم درداور گلے میں خراش کی شکایت ہے جبکہ شوگر، دل کی دھڑکن، نبض کی رفتار معمول کے مطابق ہے۔

ذرائع کے مطابق ‏شہباز گل کو چیسٹ انفیکشن کیلئے اینٹی بائیوٹک دوا دی جا رہی ہے۔ ‏ڈاکٹرز نے شہباز گل کی سٹی پلمونری اینجیوگرافی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے پھیپڑوں کی نالیوں کی جانچ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل کا علاج جاری، سانس بحال نہ ہونے کی شکایت بدستور

ذرائع کے مطابق ‏شہباز گل کو کمرے میں اے سی، ٹی وی، صوفہ کی سہولت میسر ہے جبکہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے پرہیزی کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔