ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے والی 10ویں ٹیم بن گئی

ذبیر نذیر خان  جمعـء 2 ستمبر 2022
فوٹو : ای ایس پی این کرک انفو/ٹویٹر

فوٹو : ای ایس پی این کرک انفو/ٹویٹر

 کراچی: ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف ہانگ کانگ کی ٹیم 38 رنز پر آؤٹ ہوکر انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے کم اسکور کرنے والی 10 ویں ٹیم بن گئی۔

اس طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے کم اسکور پر میدان بدر ہونے کا ریکارڈ ترکیہ کے پاس ہے، ترکیہ 30 اگست 2019 کو جمہوریہ چیک کے خلاف 8.3 اوورز میں صرف 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

کم سے کم اسکور پر ہمت ہارنے والی ٹاپ ٹین ٹیموں میں ترکیہ کا نام تین مرتبہ آتا ہے، ترکیہ 28 اور 32 رنز پر بھی آؤٹ ہوچکی ہے۔ کیمرون کی ٹیم بھی 38 رنز پر واپس پویلین لوٹی لیکن اس کی اننگ کا اختتام 10.4 اوورز میں ہوا جبکہ ہانگ کانگ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 10.4 اوورز تک مزاحمت کی۔

مزید پڑھیں: 194 رنز کے ہدف کے جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 38 رنز پر ڈھیر

اس طرح ہانگ کانگ کی ٹیم اوسط کے اعتبار سے کم سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے والی ٹیموں کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر شمار ہوگی۔

قبل ازیں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سے سب کم اسکور پر آؤٹ ہونے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم تھی، پاکستان نے یکم اپریل 2018 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 13.4 اوورز میں 60 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔