اسحاق ڈار نئے وزیرخزانہ نامزد، وزیراعظم کے ہمراہ وطن واپسی کا امکان

خالد محمود / عامر الیاس رانا  اتوار 25 ستمبر 2022
فوٹو ایکسپریس

فوٹو ایکسپریس

 اسلام آباد / لندن: وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کے لیے نامزد کردیا، جس کے بعد اُن کی شہباز شریف کے ساتھ پاکستان واپسی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

دوران اجلاس مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی قائد محمد نوازشریف کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی‘۔

نوازشریف نے مستعفی ہونے پر مفتاح اسماعیل کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھائیں، جو قابل تعریف ہے‘۔

نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لئے نامزد کر دیا جبکہ انہیں وزیراعظم کے ساتھ پاکستان واپس بھیجنے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ شہباز شریف کے ساتھ ہی پاکستان واپس پہنچیں گے۔

اجلاس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی ہے، ملک کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل،ملک محمد احمدخان اور احد چیمہ کی اجلاس میں شرکت کی۔

’بدھ کو وزیرخزانہ کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا، وزیراعظم کے ساتھ پاکستان روانہ ہورہا ہوں‘

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم اور نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے، مٹینگ میں مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے، انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے ہمراہ کل پاکستان روانہ ہورہا ہوں، منگل کو سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھاؤں گا، بدھ کو وزیر خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا‘۔

واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل کی وزارت کی مدت 18 اکتوبر کو ختم ہورہی تھی. عدالت اور پارلیمنٹ کی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق وہ چھ ماہ تک غیرمنتخب رکن کے طور پر وزیر رہ سکتے تھے، انہیں کسی وزارت کا انچارج ، مشیر یا معاون خصوصی کو نہیں بنایا جاسکتا تھا۔

حکومت کے پاس آپشن تھا کہ مفتاح اسماعیل کے فوراً بعد اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنایا جائے کیونکہ وہ منتخب سینیٹر ہیں اور وطن واپسی پر سینٹ کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے اور پھر وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالیں گے۔

اس سے قبل اسحاق ڈار 2018 میں اُس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ طیارے پر روانہ ہوکر لندن چلے گئے تھے، جس کے بعد سے وہ وہاں پر مقیم ہیں، بعد ازاں تحریک انصاف کی حکومت کے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیا تھا لہذا اسحاق ڈار کے پاس لندن قیام کرنے کا جواز میڈیکل کے علاوہ پاسپورٹ بھی تھا۔

اس کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید نے نواز کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تو انہیں بتایا گیا کہ یہ غلطی نہ کریں کیونکہ اسحاق ڈار کے معاملے میں حکومت کو پہلے ہی ناکامی کا سامنا رہ چکا ہے، اور اگر ایسا کیا گیا تو دوبارہ پاسپورٹ کی تجدید کے لیے جائیں گے جس پر یہ فیصلہ مؤخر کردیا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔