خفیہ نگرانی کے امریکی پروگرام کا بھانڈا پھوڑنے والے شخص کو روسی شہریت مل گئی

ویب ڈیسک  پير 26 ستمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 ماسکو: روس نے لوگوں کی نگرانی کرنے کے خفیہ امریکی پروگرام ’پرزم‘ کی تفصیلات منظر عام پر لانے والے اور امریکا کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق ٹیکنیکل اسسٹنٹ ایڈورڈ سنوڈن کو شہریت دے دی۔ 

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک حکم نامےپر دستخط کیے جس کے بعد 39 سالہ ایڈورڈ سنوڈن روسی شہری بن گئے، وہ 2013 سے روس میں امریکا حوالگی سے بچنے کے لیے ماسکو میں عارضی رہائش پذیر تھے۔

خیال رہے کہ امریکا کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے دنیا میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کے نظام کی نگرانی کے پروگرام سے متعلق راز افشا کرنے بعد ایڈورڈ سنوڈن امریکا سے فرار ہو کر روس پہنچ گئے تھے۔

روسی شہریت ملنے کے بعد تاحال ایڈورڈ سنوڈن نے کوئی بیان جاری نہیں کیا لیکن شہریت کے لیے اپنی درخواست دینے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ والدین سے برسوں کی علیحدگی کے بعد  میں اور میری اہلیہ اپنے بیٹے سے الگ ہونے کی خواہش نہیں رکھتے، وبائی امراض اور بند سرحدوں کے اس دور میں ہم دوہری امریکی-روسی شہریت کے لیے درخواست دے رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔