’جعلی خلانورد‘ نے زمین پرواپسی کے لیے خاتون سے ہزاروں ڈالر اینٹھ لیے

جاپانی خاتون نے خلائی اسٹیشن پر پھنسے خلانورد کی مدد کے لیے مبینہ طورپر 30 ہزار ڈالر کی خطیر رقم ادا کی ہے


ویب ڈیسک October 12, 2022
جعلی خلانورد نے جاپانی خاتون سے زمین پر واپس آنے کے لیے مجموعی طور پر 30 ہزار ڈالر کی رقم مانگی جو خاتون نے ادا کردی ہے۔ فوٹو: فائل

اب جعلسازوں نے لوٹنے کےلیے خلا کو بھی استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ ایک تازہ واردات میں جاپانی خاتون نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پرمحصور خود کو روسی خلانورد کہلانے والے دھوکے باز کو ہزاروں ڈالر کی رقم ادا کی ہے۔ اس طرح خلائی عشق کا عبرتناک انجام سامنے آیا ہے۔

جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق 65 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر ایک ایسے شخص کو 30 ہزارڈالر کی رقم دی ہے جس نے خود کو روسی خلانورد ظاہر کیا تھا۔ اس جعلساز نے کہا کہ وہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پھنس گیا ہے اور رقم نہ ہونے کی وجہ سے زمین پر لوٹنے سے قاصر ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق نوسرباز شخص نے خاتون سے واپسی کے ٹکٹ کےلیے رقم مانگی تھی جو خاتون نے ادا کی اور اب پچھتارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خاتون اور جعلساز کے درمیان انسٹاگرام پر پہلی مرتبہ 28 جون کو رابطہ ہوا تھا۔ سامنے والے شخص نے کہا کہ وہ ایک روسی خلانورد ہے اور اس وقت آئی ایس ایس پر ہے جہاں انٹرنیٹ کی ناقص سہولت ہے۔ کچھ روز بعد جعلی خلانورد نے خاتون سے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ زمین پرلوٹ کر وہ اس سے شادی کرلے گا۔ جیسے ہی خاتون نے اپنی رضامندی کا اظہار کیا تو دھوکے باز شخص نے ان سے کہا کہ وہ آئی ایس ایس سے زمین پر واپس نہیں آسکتے کیونکہ ان کے پاس زمین سے واپس آنے کا ٹکٹ یا رقم موجود نہیں۔

جاپانی ذرائع کے مطابق خاتن نے 44 لاکھ ین (30 ہزار ڈالر) کا انتظام کرکے خلانورد کو بھجوائے تاکہ وہ خلائی جہاز میں بیٹھ کرواپس آسکے۔ تاہم اس عشق کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی کیونکہ اس نے مزید رقم کا مطالبہ کردیا۔ اس طرح 19 اگست سے 5 ستمبر تک خاتون نے کل پانچ مرتبہ خلائی نوسرباز کو رقم ادا کی اور آخرکار تنگ آکر سارا ماجرا پولیس کو بیان کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ چالاک شخص نے ناسا اور جاپانی خلائی ایجنسی، جیکسا کے نام کے ساتھ کئی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ تاہم آئی ایس ایس کوئی ایئرپورٹ نہیں جہاں ٹکٹ درکار ہوتا ہے بلکہ ایک خلانورد پر پانچ سے چھ کروڑ امریکی ڈالر لاگت آتی ہے۔ پولیس نے اب اس شخص کی تلاش شروع کردی ہے۔

 

مقبول خبریں