ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی کے دوسرے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میرپور کے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کالی آندھی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے، جواب میں بھارتی بیٹسمینوں نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں سیمیول بیڈرے نے شیکر دھاون کو کلین بولڈ کردیا وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 102 رنز جوڑے اور کوہلی 54 رنز بناکرآندرے رسل کا شکار بن گئے، بھارت نے 130 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پرآخری اوور میں حاصل کرلیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیزین کھلاڑی بھارتی گیند بازوں کے سامنے شروع سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دیئے اور آٹھویں اوور میں 38 کے مجموعی اسکور پر ڈین اسمتھ 11 رنز بنا کر اشونت کا شکار بن گئے، دھواں دھار بلے بازی کرنے والے کرس گیل بھی کھل کر نہ کھیل سکے اور 64 کے مجموعے پر 34 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور بھارتی بالروں نے مقررہ 20 اوورز میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز تک ہی محدود رکھا، بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے 3 اور امیت مشرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، میچ میں بہتری کارکرگی پیش کرنے پر امیت مشرا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔