کے الیکٹرک صارفین کے لیے 9.97 روپے یونٹ ریلیف کا عندیہ

ظفر بھٹہ  جمعرات 1 دسمبر 2022
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔ فوٹو: فائل

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: کے الیکٹرک (کے ای) کے صارفین کو ماہانہ ایندھن اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 9.97 روپے فی یونٹ کا بڑا ریلیف ملے گا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بدھ کے روز بجلی کے نرخوں میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔ اکتوبر 2022 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین پر 2.15 روپے فی یونٹ کی کمی۔ اس نے مالی سال 2022-23 کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7.83 روپے فی یونٹ کی ایک اور کٹوتی کا بھی اشارہ کیا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے اعلامیہ کے مطابق نیپرا نے اکتوبر 2022 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) اور جولائی تا ستمبر 2022 سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (کیو اے) کیلیے کے الیکٹرک کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر عوامی سماعت کی۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ملک میں نافذ یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے اثرات عام طور پر صارفین تک منتقل نہیں کیے جاتے، تاہم حتمی فیصلہ وفاقی وزارت توانائی، حکومت پاکستان اور نیپرا اتھارٹی کے پاس ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق اکتوبر 2022 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی بنیادی وجہ آر ایل این جی، فرنس آئل اور حکومت پاکستان سے خریدی گئی بجلی کی قیمتوں میں کمی ہے۔ اکتوبر 2022 میں آر ایل این جی کی قیمت میں 16 فیصد کمی ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔