اعظم سواتی بلوچستان پولیس کے ہاتھوں گرفتار، راتوں رات کچلاک جیل منتقل

ویب ڈیسک  جمعـء 2 دسمبر 2022
بلوچستان میں بھی اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ پر ایف آئی آرز درج ہیں (فوٹو فائل)

بلوچستان میں بھی اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ پر ایف آئی آرز درج ہیں (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کرکے بلوچستان کی کچلاک جیل منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں: سینیٹر اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان اور  سندھ میں مقدمات درج ہیں جب کہ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،  جس پر انہیں کوئٹہ پولیس نے گزشتہ شب حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان پولیس اعظم سواتی کو راتوں  رات لے کر بلوچستان روانہ ہوگئی۔ انہیں کچلاک جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بھی اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ پر ایف آئی آرز درج ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے ایف آئی اے کی جانب مزید ریمانڈ درکار نہ ہونے پر گزشتہ روز اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا تھا۔

اعظم سواتی کو رات گئے تک اڈیالہ جیل منتقل ہی نہ کیاگیا جب کہ راتوں رات بلوچستان پولیس نے انہیں خاموشی سے گرفتار کرکے اسلام آباد ائرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے بلوچستان اور پھر کچلاک جیل منتقل کردیا ہے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف تضحیک آمیز تقریر کرنے پر درج مقدمے کے سلسلے میں کوئٹہ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پہنچی تھی۔

اداروں کے خلاف تضحیک آمیز تقریر کے کیس میں سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ میں درج مقدمے میں بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ اچانک سامنے آیا۔سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت سے اجازت ضروری ہے  جب کہ گزشتہ روز عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

دریں اثنا اعظم سواتی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت گزشتہ شب سے خراب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔