بھارتی اداکار پریش راول کے خلاف پولیس میں شکایت درج

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 دسمبر 2022
پریش روال اداکار کے ساتھ ساتھ بھارت کےسیاسی رہنما بھی ہیں (فائل فوٹو)

پریش روال اداکار کے ساتھ ساتھ بھارت کےسیاسی رہنما بھی ہیں (فائل فوٹو)

کلکتہ: بھارتی کامیڈین اداکار پریش راول کے خلاف بنگالی مخالف تبصرہ کرنے پر پولیس میں شکایت درج کروا دی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ویسٹ بنگال کے ریاستی سکریٹری محمد سلیم نے بھارتی اداکار اور بی جے پی کے رہنما پریش راول کے خلاف بنگال مخالفب تبصرہ کرنے پر کلکتہ پولیس میں شکایت درج کروا دی ہے جس میں پریش روال کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی بھی گزارش کی گئی ہے۔

پریش راول نے گجرات میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے بنگالیوں کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’گیس سلنڈر مہنگے ہیں لیکن وہ نیچے آئیں گے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ لیکن کیا ہوگا اگر روہنگیا مہاجرین اور بنگلہ دیشی دہلی کی طرح آپ کے آس پاس رہنے لگیں؟ کیا آپ گیس سلنڈر استعمال کریں گے؟ بنگالیوں کے لیے مچھلی پکائیں گے؟۔

بی جے پی رہنما اور اداکار پریش راول کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارت کی بنگالی قوم میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔

پولیس کو لکھے شکایتی خط میں ریاستی سکریٹری محمد سلیم سلیم نے کہا کہ ’عوامی ڈومین پر اس طرح کی تقریر فسادات کو بھڑکانے اور ملک بھر میں بنگالی برادری اور دیگر برادریوں کے درمیان ہم آہنگی کو تباہ کرنے اور عوامی فساد پھیلانے کے لیے کی گئی ہے‘۔

سلیم نے خط میں کہا کہ ’درحقیقت، مذکورہ اشتعال انگیز بیان  کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کیے گئے تبصروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو بنگالیوں کے بارے میں بہت زیادہ منفی رائے پیدا کر رہی ہے‘۔

سلیم کے مطابق چونکہ بنگالیوں کی ایک بڑی تعداد مغربی بنگال سے باہر رہتی ہے، اس لیے راول کی جانب سے کیے گئے نازیبا ریمارکس کی وجہ سے انھیں متعصبانہ طور پر نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ اس تبصرے کے وائرل ہونے کے بعد اپنی ایک ٹوئٹ میں پریش راول نے بنگالی قوم سے معافی بھی مانگ لی تھی ان کا کہنا تھا کہ ’یقیناً، مچھلی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ گجراتی بھی مچھلی پکاتے اور کھاتے ہیں۔ لیکن میرا مطلب غیر قانونی بنگلہ دیشی اور روہنگیا تھا۔ تاہم اگر میں نے آپ کے جذبات  کو تکلیف پہنچائی ہے، تو میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔