اسلام آباد سے جدہ جانے والے پی آئی اے کے مسافر طیارے کی کراچی میں اچانک لینڈنگ

آفتاب خان  پير 5 دسمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: اسلام آباد سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 741 کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے جدہ کی پرواز پی کے 741 کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی،بعدازاں طیارے کو بحفاظت کراچی اتار لیا گیا اور طیارے کے مسافروں کو لاونچ منتقل کیا گیا۔۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق جدہ جانے والی پرواز نے کراچی میں ہنگامی نہیں بلکہ ٹینیکل لینڈنگ کی،جہاز کے بیک اپ سسٹم کی ریم ایئر ٹربائن میں خرابی کو درست کیا گیا کیونکہ جہاز جدہ میں ٹھیک نہیں ہوسکتا تھا اس لیے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتاراگیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پی کے741 پائلٹ نے رات 8 بجکر 12 منٹ پر ٹاور کو مشتبہ تکنیکی مسئلہ سے آگاہ کیا،پائلٹ نے قلات کے قریب سے جہاز کا رخ کراچی کی طرف موڑا، جہاز اس وقت قلات کے مشرق میں 15 ناٹیکل مائلز پر تھا اور رات 9 بجے اسے باحفاظت جناح ٹرمینل ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ پائلٹ نے کسی قسم کی مدد کی درخواست نہیں کی،جہاز میں عملے سمیت 410 لوگ سوار تھے، پائلٹ نے ریم ائر ٹربائن ڈپلوئے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔