روحانی دوست

صائم المصطفیٰ صائم  اتوار 18 دسمبر 2022
علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
سال کی ابتدا ہی ایک سعد وقت سے ہورہی ہے۔ آپ کے مقدر کا سیارہ مشتری آپ کے طالع میں یعنی آپ کے گھر آچکا ہے، بزرگوں کا تعاون زندگی کے کئی امور میں آگے بڑھنے کی توانائی دے گا۔ مئی کے آخر تک یہیں مشتری کا ہونا آپ کی شخصیت میں نیا نکھار لائے گا۔

اس کے بعد یہ سیارہ آپ کی جیب کو سارا سال گرم رکھنے کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔ آپ کے ذرائع آمدن میں اضافے کا امکان ہے۔زحل آپ کی امیدوں کے خانے میں فروری کے آخر تک رہے گا۔ اس کے بعد بیرون ملک اور اخراجات کے مقام پر سارا سال رہے گا۔

اخراجات میں کمی کی امید ہے اور آمدن میں اضافے کی لیکن یہاں کچھ قریبی افراد سے امیدیں پوری نہ ہوسکیں گی۔ راہو پہلے چھے ماہ آمدن میں اضافے کی خبر دیتا ہے اور اس کے بعد آپ کے مزاج میں کچھ تندی آنے کا اندیشہ ہے اور اگلے چھے ماہ آپ کے ازدواجی تعلقات میں خرابی کا اندیشہ ہے۔

آپ کا سیارہ سفر اور رابطوں کے خانے میں اور سفر اور رابطوں کا سیارہ آپ کے کیریئر کے مقام پر فروری کے آخر تک رہ کے نیا کیریئر دلاسکتا ہے اگر آپ کا پیدائشی چارٹ کم زور ہے تو اس میں تعطل اور رکاوٹ کا اندیشہ ہے۔

مارچ سے جون تک کوئی اور سلسلۂ روزگار بن سکتا ہے جو ممکن ہے آن لائن یا بیرون ملک سے جڑا ہو جون جولائی میں اولاد اور محبوب کی خوشی مل سکتی ہے۔ ستمبر اور اکتوبر میں تعلقات میں بگاڑ نہ آنے دیں اور خود پر قابو رکھیں۔ یہ سلسلہ نومبر تک رہ سکتا ہے۔ دسمبر سے حالات آپ کے حق میں ہونے کی امید ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
وراثتی امور آپ کی نیند اور سکون خراب کرتے رہیں گے اور جو چیزیں آپ 2022 میں حاصل کرچکے تھے ان کے ضائع ہونے یا ہاتھ سے پھسلنے کا اندیشہ ہے۔ کیسز اور مخالفت کا سامنا ہوسکتا ہے اور ایسا جون سے زیادہ تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔

موروثی امراض جو مقعد سے تعلق رکھتے ہیں ہونے کا اندیشہ ہے اپنی صحت پر توجہ دیں اور معالج سے رابطے میں رہیں، مشتری جگر اور نشوونما کا نمائندہ ہے لیکن آپ کے زائچے میں یہ منفی اثرات دے رہا ہے۔ اس مدت میں بے وقت کا کھانا اور نیند آپ کے معدے اور جگر کو متاثر کرسکتا ہے۔ آپ کو کچھ خواہ مخواہ کے خوف وخدشات بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔

اس وقت پرسکون رہیں اور کسی بھی قسم کے وہم میں نہ پڑیں، وقت پر کھائیں اور سوئیں، تاکہ کسی جسمانی الجھن کا سامنا نہ ہو۔ زحل آپ کے کیریئر اور مقدر کا سیارہ آپ کی امیدوں کے مقام پر آرہا ہے یہاں کام ہونے کی امید ہے، لیکن اس میں کافی مشقت کا ہونا شرط ہے۔ بڑے بھائی کا تعاون حاصل ہوسکتا ہے ۔

راہو اور کیتو کے باعث آپ کی مادی کام یابی کے لیے کی گئی کاوشوں کی وجہ سے ممکن ہے کچھ قریبی لوگ آپ سے دور ہوجائیں اور آپ کا رویہ انہیں جارحانہ محسوس ہو۔ اس طرف توجہ رکھیں۔ اس سلسلے میں مئی زیادہ اہم ہوسکتا ہے۔

کچھ غیرمتوقع مالی فائدہ بھی ممکن ہے۔اگر پراپرٹی کے کسی کام سے منسلک ہیں تو یہ وقت آپ کے لیے بڑی کام یابیوں کے راستے ہموار کرسکتا ہے۔ یہاں آپ کے اثاثوں میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ آخری سہ ماہی میں من پسند جگہ رشتہ ہونے کی امید موجود ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کا بے چین سیارہ فروری کے پہلے عشرے تک کم زور رہے گا۔ کسی قسم کا رسک بالکل نہ لیں، ایسے وقت میں کسی قسم کے غیرقانونی اور غیراخلاقی کاموں سے گریز کریں۔ کوئی پرانی غلطی گلے پڑسکتی ہے۔ کوئی وعدہ یا معاہدہ جو اس وقت پورا کرنا آپ کے بس میں نہ ہو یا غلط بیانی کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔

بہرحال یہ وقت ایک ذہنی الجھاؤ پیدا کرسکتا ہے۔ ازدواجی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں شریکِ حیات سے بگاڑ کا اندیشہ موجود ہے۔ بزنس پارٹنر سے بھی بگاڑ ہوسکتا ہے، لیکن فروری کے آخر تک اس بگاڑ میں سدھار کے راستے کھلتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

جون کے آخر تک اس میں پھر نئے مسائل سر اٹھاسکتے ہیں۔ خفیہ مراسم سے پرہیز کریں۔ آخری ششماہی میں صحت کی خرابی کا اندیشہ ہے، محتاط رہیں۔ زحل آپ کے وراثتی، انشورنس، پراپرٹی اور ڈوبی ہوئی رقم کا نمائندہ ہے۔ مارچ سے سال کے آخر تک مذکورہ امور سے مالی فائدہ ہوسکتا ہے نیا مکان مل سکتا ہے یا مکان کی تعمیر کے اسباب میسر آ سکتے ہیں۔

مارچ میں یک طرفہ محبت کا بھوت سوار ہوسکتا ہے۔ اولاد سے وابستہ کچھ امیدیں ممکن ہے پوری نہ ہوسکیں۔ اسی ماہ کا سورج گرہن حاملہ خواتین کے لیے مسائل لاسکتا ہے اور محبوب سے بے وفائی کا تحفہ بھی مل سکتا ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں کسی قسم کے خفیہ مراسم سے اجتناب برتیں، ورنہ بعد میں پشیمانی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
جنوری سے جون تک آپ کے بزنس میں حیران کن مثبت تبدیلیاں اور بہتری کے راستے کھلیں گے۔ آپ کا معاشرتی وقار بلند ہوگا اور جہاں جائیں گے آپ کو عزت و برتری حاصل ہوگی۔ کاروبار میں نئے مراسم بننے کی امید ہے آپ کے مالی اثاثوں میں اضافہ ہوگا اور ایک نہیں دو ذرائع یعنی دو راستوں سے آمدن میں اضافہ ہوگا۔

اس کے بعد جون سے مشتری آپ کے گیارھویں کے خانے میں آکے اگلی ششماہی آپ کے حلقۂ یاراں میں اضافہ کرے گا۔ ایسے میں آپ پر محبت کی دیوی مہربان ہوسکتی ہے۔ دو سے زیادہ لوگ آپ کی قربت اور محبت کے طلب گار ہوسکتے ہیں۔

ایسے وقت میں راہو کی موجودگی اس تعداد میں اضافہ بھی کرسکتی ہے۔ ایسے وقت میں شادی یا منگنی ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ زحل مئی کے آخر تک آٹھویں خانے میں رہے گا۔ یہ وقت شادی کے فیصلے کو تعطل یا تذبذب میں ڈالے رکھ سکتا ہے لیکن مئی کے بعد بیرون ملک یا دوردراز رہنے والا شخص آپ کی زندگی کا ساتھی بن سکتا ہے۔

شادی کے بعد آپ کے حالات بالکل بدل جائیں گے۔ اگرچہ اس بہتری میں سست روی ہو لیکن یہ پائے دار اور مستقل بنیادوں پر ہوگی۔ اکتوبر اور نومبر بھی منگنی، شادی اور محبت کے موسم کے لیے موزوں اور سازگار مہینے ہوسکتے ہیں۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
گذشتہ سال سے راہو آپ کے کیریئر کے مقام پر اور کیتو آپ کی رہائش گاہ یعنی مکان میں گھسا ہوا ہے۔ یہ اگست تک یہیں ہوں گے۔ آپ کی توجہ اپنے کاروبار پر رہے گی۔ گھر میں دل نہیں لگے گا۔ کام میں لگا رہے گا یا ایسا کہیں کہ کیتو آپ کو باہر نکالے گا۔

ایسے وقت میں رہائش گاہ تبدیل ہوتی ہے، مکان ہاتھ سے چلا جاتا ہے، کوئی زمینی نقصان ہوسکتا ہے، لیکن آپ کا وقار بلند رہتا ہے۔ بشرطے کہ زہرہ آپ کے لیے سعد ہو۔ آپ کی اولاد کا سیارہ مشتری آپ کے مقدر کے سیارے میں آچکا ہے۔ برج اسد والوں کو جڑواں بچوں کا بھی تجربہ ہوسکتا ہے۔ آپ کے بچے اگر بالغ ہوچکے ہیں تو ان پر نظر رکھیں۔

وہ محبت کے دامِ فریب میں آسکتے ہیں۔ آپ کے بچوں کی ذہانت آپ کے دلی سکون کی وجہ بن سکتی ہے۔ بوڑھے والدین کا بچوں سے سکھ لینے کا وقت آچکا ہے۔ دوسری ششماہی میں اس بات کا امکان موجود ہے کہ آپ کے بچے آپ کا کاروبار سنبھالنے کے اہل ہوجائیں اور آپ کی عزت و وقار میں اضافے کا سبب بنیں۔ مئی سے زحل جو کہ آپ کے بزنس اور آپ کی صحت کا نمائندہ ہے، آپ کے زائچے میں آٹھویں خانے میں آجائے گا۔ بزنس نیا جنم لے گا۔

یہاں بزنس کے حوالے سے کچھ مشقت کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ایسی مشقت جو معمول سے ہٹ کے ہو اور خوف وخدشات رکھتی ہو۔ یہاں آپ کے تفکرات آپ کو مستقل رہنے والے امراض میں مبتلا کرسکتی ہے، محتاط رہیں۔

پہلی ششماہی میں ہونے والی شادی جلد دردِسر کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔ اگر آپ کے پیدائشی زائچے میں زحل اور یورنیس سعد ہیں تو سسرال یا شریکِ تجارت سے مالی فائدہ خصوصاً زمین سے منسلک کوئی فائدہ ہوسکتا ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کے زائچے میں مشتری آپ کی رہائش گاہ کا نمائندہ ہے۔ یہ آٹھویں خانے میں منتقل ہوچکا ہے۔ یہاں یہ مئی تک سفر کرتا رہے گا۔ آپ کی رہائش تبدیل ہوسکتی ہے کرائے/اعزازی مل سکتی ہے۔ آٹھویں کا سیارہ آپ کے کیریئر کے مقام پر ہے آپ کی یہ تبدیلی آپ کے کیریئر کے حوالے سے ہوسکتی ہے۔ آٹھویں کا مالک قرض اور غیرمتوقع مالی امور کا نمائندہ بھی ہے۔

قرض سے متعلق الجھن ہوسکتی ہے اور غیرمتوقع پیسہ بھی مل سکتا ہے۔ مشتری آپ کی جیب پر نظر ڈال رہا ہے۔ مالی فائدے کے امکان بڑھ رہے ہیں۔ راہو آپ کو دوردراز کے لوگوں سے جوڑ رہا ہے جب کہ کیتو بتارہا ہے کہ کچھ قریبی افراد سے آپ ذہنی اور معاشرتی طور پر دور ہوسکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ قریبی افراد سے تعلق خرابی میں تبدیل نہ ہو۔ سفر ہوسکتے ہیں۔

اگست کے بعد کیتو آپ کے آمدن کے مقام پر آجائے گا۔ اخراجات میں غیرمتوقع اضافہ ہوسکتا ہے۔ آپ کی آمدن کے ذرائع میں عوام الناس کو مشورہ دینا بھی ہوسکتا ہے۔ زحل آپ کے اعلٰی تخلیقی ہنر اور اولاد کے خانے کا نمائندہ ہے، جو کہ آپ کے شریکِ تجارت کے خانے میں آرہا ہے۔ آپ کی اولاد آپ کے بزنس میں آپ کا ساتھ دے سکتی ہے۔ زحل کا یہاں آنا من پسند شادی کے راستے بھی کھول سکتا ہے۔

اس سلسلے میں جنوری /مارچ/مئی/جون اور اگست اہم ہوسکتے ہیں۔ اکتوبر کا سورج گرہن بتارہا ہے کہ مالی نقصان ہوسکتا ہے، محتاط رہیں۔ نومبر اور دسمبر میں قریبی افراد سے تلخی سے گریز کیجیے گا۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کے ازدواجی تعلق میں گذشتہ برس ایک خوف، خرابی اور دوری کا ماحول گرم رہا ہے۔ اس سال کے پہلے ماہ ہی سے اس خرابی کو خوبی میں تبدیل کرنے کے اسباب بن رہے ہیں۔ آپ کے ساتھی کا ذہن بھی کافی بے ترتیب اور الجھاؤ کا شکار ہے۔

یہ سلسلہ فروری کے وسط تک بنتا بگڑتا رہ سکتا ہے لیکن امیدِکامل ہے کہ فروری کے آخر تک وہ مسئلہ جو آپ کے ازدواجی محل کی دیواروں کو لرزا رہا تھا ختم ہوجائے گا اور بہتری کا بند دروازہ کھل جائے گا۔ اس دورانیے میں پرسکون رہیے اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیجیے گا۔ بعض اوقات آپ کی گفتگو کا انداز آپ کے لیے مسائل کھڑے کردیتا ہے۔

ایسا اس وقت بھی ہوسکتا ہے۔ کئی حوالوں سے محتاط رہیں۔ کنواروں کے رشتے آسکتے ہیں اور مناسب جگہ رشتہ طے بھی پاسکتا ہے۔ اپریل میں زحل جو کہ آپ کے زائچے میں آپ کی رہائش کا نمائندہ ہے آپ کے زائچے میں چھٹے میں آچکا ہوگا۔ یہ وقت آپ کو رہائش گاہ کے حوالے سے کچھ الجھن کا سامنا ہوسکتا ہے۔

آپ کی رہائش گاہ آپ کے مقامِ کاروبار پر تبدیل ہوسکتی ہے یا ممکن ہے کام کی وجہ سے آپ کو اپنا بستر وہیں رکھنا پڑے۔ ایسے وقت معدے اور ہڈیوں کے امراض سر اٹھا سکتے ہیں۔ وٹامن ڈی کا خیال رکھیں

۔ نیند اور وقت کا کھانا آپ کے لیے ضروری ہے۔ جون سے سال کے آخر تک آپ کو اپنے قریبی افراد سے تعلقات میں محتاط رہنا ہوگا۔ اپنی سوچوں کے گھوڑے کی لگام کس کے رکھیں ورنہ کہیں بھی بے راہ روی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اکتوبر میں اصلی اور نقلی تعلق میں فرق جاننے کے بعد ہی قدم آگے بڑھائیے گا۔ دھوکا ہوسکتا ہے۔ ہاں اگر آپ سائنس داں ہیں یا کسی تحقیقی کام سے منسلک ہیں تو بڑی کام یابی سمیٹ سکتے ہیں۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
جدید نجوم کے مطابق آپ کا سیارہ پلوٹو آپ کے تیسرے خانے سے مختصر وقت (اپریل سے مئی) چوتھے خانے آئے گا لیکن پھر الٹے قدموں تیسرے خانے ہی میں سفر جاری رکھے گا۔ سفر، رابطہ، تحریر وتحقیق اور قریبی افراد سے تعلق کے امور اہم رہیں گے۔

راہو آپ کے ساتویں اگست تک کے تعلقات میں اضافے کے اسباب کی خبر دے رہا ہے جب کہ کیتو طالع میں ہونے سے آپ کے اندر ایک صوفی اور غوروفکر میں ڈوبا رہنے والا شخص باہر آرہا ہے یا آپ خود سے آشنا ہورہے ہیں۔

ایسا گذشتہ سال سے جاری ہے، اس میں کمی بیشی رہی ہے اور رہے گی، لیکن آپ اس بات کے گرد طواف کی صورت رہتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ مشتری آپ کے زائچے میں آپ کی جیب کا نمائندہ ہے جو کام کاج کے خانے میں آچکا ہے۔ مشتری کُھلے دل سے دلواتا ہے، راستے کھلواتا ہے۔ آپ کا کاروبار پھلتا پھولتا نظر آتا ہے اور ایک وقت میں دو کام کرتے نظر آتے ہیں۔

آپ کے کام میں کوئی نیک شخص آپ کا معاون نظر آرہا ہے جس کے ہونے سے آپ کا کام ترقی کرتا ہو دکھائی دے رہا ہے۔ ایسے میں اگر پیدائشی زائچے میں مشتری کم زور ہو تو مالی نقصان کا اندیشہ ہوسکتا ہے۔ مشتری جون سے آپ کے ساتویں خانے سے چلے جانے سے آپ کے دوستوں اور کام میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ایک سے زیادہ تعلق بن سکتے ہیں۔ ان تعلقات کا آپ کی آمدن پر بڑا اثر پڑ سکتا ہے۔

ایسے وقت میں غیراخلاقی تعلق کا دروازہ بھی کھل جاتا ہے، محتاط رہیں۔ مارچ میں زحل آپ کے محبت اور اولاد کے خانے میں آرہا ہے۔ شادی شدہ جوڑوں کو اولاد کی خواہش شدید ہوسکتی ہے، اس سلسلے میں کچھ تاخیر اور جسمانی بیماری رکاوٹ بن سکتی ہے۔ خیال وخواب میں بسی ہوئی محبت حقیقت ہوکے سامنے آسکتی ہے۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
مشتری قوس برج کا مالک سیارہ اس برج کو خوش بختی کا برج اور سیارے کو خوش بختی کا سیارہ کہا جاتا ہے۔ برج حمل اور اسد اس کے ترکون کے بروج ہیں۔ اس کے ہم مزاج بروج، گویا ایسے دوست جن سے مل کے راحت ہو مشتری برج حمل میں آچکا ہے۔ یہاں یہ مئی کے آخر تک رہنے والا ہے۔

محبت کی دیوی مہربان ہوگی، وہ رشتہ جس کے ہونے میں کئی دریا حائل تھے خود ہی راستے بن جائیں گے۔ فروری کے آخر تک آپ کو آپکی مرضی کا رشتہ مل جائے گا۔ اس میں ایک فرد ممکن ہے راضی نہ ہو۔ جون سے آپ کی توجہ بزنس اور کام پر مرکوز ہوتی نظر آتی ہے، گویا اب آپ کی ترجیح آمدن میں اضافہ ہے۔ زحل آپ کے چوتھے خانے میں مارچ سے آرہا ہے۔

آپ کسی قدر تنہائی پسند ہوسکتے ہیں۔ گھر کی تزئین وآرائش کا موقع مل سکتا ہے، کیوںکہ کیتو کا زحل کا دیکھنا آپ کے اندر مراقبے اور غوروفکر کے رجحانات لاسکتا ہے۔ ایسے ہی وقت میں راہو کی نظر بھی زحل پر ہوگی۔ آپ پراپرٹی اور گاڑیوں کے کسی بزنس سے بھی وابستہ ہوسکتے ہیں۔ مذکورہ امور میں ایک کام یابی مل سکتی ہے، اس کا فیصلہ آپ کے پیدائشی زائچے سے ہی ہوسکتا ہے کہ آپ کس سمت جارہے ہیں۔

اگست اور ستمبر میں کوئی اہم معاہدہ ہوسکتا ہے۔ یہاں عطارد شرف میں ہوگا، لیکن راجع ہونے کی وجہ سے اس بات کے اشارے ہیں کہ کوئی غلطی بوقتِ تحریر یا گفتار ہوسکتی ہے۔ آپ جذبات اور کسی اور خیال کے زیراثر ایسا وعدہ یا معاہدہ نہ کریں جس سے بعد میں مسائل کا ذرا سا بھی خدشہ موجود ہو۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
جدی دائرہ البروج میں سب سے اہم برج سمجھا جاتا ہے۔ اس سے آپ کی عقلِ کُل اور زندگی بھر کی کمائی کا اندازہ ہوتا ہے۔ وہ کمائی جو آپ کی معاشرتی پہچان پیدا کرتی ہے۔ زحل کو بوڑھا سیارہ کہا جاتا ہے۔ یہ قاضی بھی ہے جو ذرا سی بات پر کڑی سزا سنا دیتا ہے۔ اس لیے بعض اوقات ایسے شخص کو بے رحم بھی کہا جاتا ہے حالاںکہ وہ اصول پسند ہوتا ہے۔

زحل پیدائشی زائچے میں اچھا ہو تو ایسا شخص اپنے خاندان اور ملک کے لیے ایک بڑا انسان ثابت ہوتا ہے۔ آپ کا سیارہ تیسرے خانے میں آرہا ہے۔ بڑی گاڑی اور مکان کا بننا یا حاصل ہونا طے ہے۔ گذشتہ دو تین سال میں جو کمایا ہے اسے خرچ کرنے کا وقت آچکا ہے۔

اس کا مطلب یہ نہیں کہ جس نے نہیں کمایا اسے مکان نہیں ملے گا، اسے بھی مکان ملے گا، اس کی قدروقیمت اوپر نیچے ہوسکتی ہے۔ کچھ افراد کو ایسے وقت میں مکان تحفے میں بھی مل سکتا ہے۔ آپ کو مکان کے ساتھ گاڑی بھی مل سکتی ہے۔

کچھ افراد کی دو یا اس سے زیادہ سواریاں بھی آسکتی ہیں۔ کچھ افراد کے پاس دو سائیکل، کچھ کے پاس بائیک اور کچھ کے پاس لگژری گاڑیاں آسکتی ہیں۔ اس کا دارومدار آپ کے ذاتی زائچے پر ہے۔ بہرحال مشتری کا آپ کی رہائش گاہ کے خانے میں آنا نہایت سعد نتائج دے سکتا ہے۔ جون سے مشتری آپ کے اولاد کے خانے میں آئے گا۔

یہاں یہ آپ کو اولاد کی خوشی دے سکتا ہے اور یہ لاٹری کی طرح کے کسی مالی راستے کو بھی کھول سکتا ہے۔ ایسے وقت میں (جون سے دسمبر) من پسند رشتہ طے پاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں جون اور نومبر اہم ہوسکتے ہیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
جدید نجوم کے مطابق آپ کا سیارہ یورنیس جب کہ قدیمی نجوم میں آپ کا سیارہ زحل ہے۔ یورنیس آپ کے مکان، رہائش گاہ اور گھریلو سکون کے خانے میں براجمان رہے گا۔ یعنی برج ثور میں۔ یہاں یہ مشتری سے قران یعنی ملاقات بھی کرے گا، جس سے اس خیال کو قوت ملتی ہے کہ اچانک مکان یا گاڑی کا حصول ہوسکتا ہے۔

اس کا دارومدار زہرہ پر بھی ہے۔ اگر یہ تینوں سیارے آپ کے پیدائشی زائچے میں سعد ہیں تو آپ کو انعامی گاڑی/مکان مل سکتے ہیں، ورنہ الٹ بھی ہوسکتا ہے۔ گاڑی اور مکان جا بھی سکتے ہیں۔ مشتری آپ کے سفر، تحریر اور رابطوں کے امور کو جون تک متحرک رکھے گا۔ آپ کے پرانے دوست آپ سے رابطے میں آسکتے ہیں اور بڑا بھائی بھی آپ کا بہتر معاون ہوسکتا ہے۔ آپ کی شخصیت میں ایک بزرگانہ اور قائدانہ جھلک کے ساتھ ایک مذہبی رنگ بھی نظر آئے گا۔ آپ خاصے متحرک اور اپنے حلیے کو بہتر بناتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔

زحل آپ کے اخراجات اور غیرمتوقع امور کا نمائندہ مارچ میں آپ کی جیب میں چلا جائے گا۔ اخراجات بھی ہوسکتے ہیں لیکن اجنبی افراد سے مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے، خصوصاً ایسے افراد جو دریا یا سمندر کنارے رہائش رکھتے ہیں یا کسی مائع (پیٹرولیم، کولڈڈرنکس، دودھ یا پانی) سے منسلک کام کرتے ہیں۔

کیتو آپ کے کیریئر اور عزت ووقار کے خانے میں ہے۔ یہاں یہ کچھ خرابی لاسکتا ہے، اگر آپ برج عقرب سے منسلک کسی شعبے سے تعلق رکھتے ہیں، پھر ممکن ہے کہ آپ کوئی بڑی تحقیق سامنے لائیں جو آپ کے عزت و وقار میں اضافے کا سبب بنے، ورنہ کچھ الزامات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
تیسرا آبی برج جو قربانیاں دینے والا اور صابر برج کہلاتا ہے ایسے شخص معاشرے میں دبے ہوئے اور تنہا رہنا پسند کرتے ہیں۔ مراقبہ، چلہ اور علومِ مخفی کے شوقین افراد کے زائچے میں اس برج کا اہم کردار ہوتا ہے۔

جدید نجوم میں نیپچون اور قدیمی میں مشتری اس کا مالک سیارہ ہے۔ نیپچون آپ کے طالع میں الٹا سیدھا سفر کرتا رہے گا۔ گویا آپ کی تنہائی کی فطرت کو مزید بڑھاوا ملتا رہے گا۔ مشتری آپ کے زائچے میں آپ کے کیریئر کا مالک ہے۔ یہ آپ کی جیب میں آچکا ہے۔ گویا آپ کے کیریئر سے آپ کی جیب وزنی ہوتی رہے گی۔ ایسا جون تک ہوتا رہے گا۔ اس کے بعد سارا سال مشتری آپ کے سفر، تحریروتقریر کے امور کو متحرک کرے گا۔

یہ برج ثور ہے یہاں اس کا آنا بتاتا ہے۔ یہ سفر اور رابطے آمدن میں اضافے ہی کی نیت سے ہوں گے۔ یہاں راہو کا ہونا کثرت سے سفر کروائے گا۔ سواری کا حصول ہوسکتا ہے اور دوستوں میں اچھا خاصا اضافہ ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔

ممکن ہے آپ کے والد یا کسی بزرگ کی صحت اور زندگی کو خطرہ ہو، اس سلسلے میں آپ کی توجہ کم ہوتی ہوئی نظر آتی ہے۔ یہ بات آپ کو بعد میں پشیمانی میں ڈال سکتی ہے۔ یہاں مشتری کا ہونا آپ کے شادی کے خانے کو متحرک کررہا ہے۔ رشتہ طے ہوسکتا ہے یا شادی جیسے بندھن میں باقاعدہ بندھ سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔