کراچی میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان

ویب ڈیسک  پير 19 دسمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

کراچی میں 22 تا 23 دسمبر خنک ہوائیں چلنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے، پیر کو کم سے کم پارہ 12.8 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق 20 دسمبر کے بعد بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کے سبب شہر کا موسم قدرے خنک ہونا شروع ہوجائے گا جس کی وجہ سے ٹھنڈ بڑھ سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 22 اور 23 دسمبر کے درمیان حالیہ دنوں کے مقابلے میں زیادہ سردی محسوس کی جاسکتی ہے، جمعرات اور جمعہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے جبکہ ایک امکان یہ بھی ہے کہ مذکورہ دورانیے میں پارہ سنگل ڈیجیٹ ریکارڈ ہو۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق بدھ سے شہر میں سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں غیر فعال ہونے جبکہ بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں کے اثرانداز ہونے کا امکان ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور خنک رہنے جبکہ بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند چھاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔