دہشت گردوں، ان کے حامیوں اور ہمدردوں کا ناپاک گٹھ جوڑ توڑیں گے، وزیراعظم

خالد محمود  جمعرات 22 دسمبر 2022
فوٹو ایکسپریس نیوز

فوٹو ایکسپریس نیوز

 راولپنڈی: وزیراعظم شہباز شریف نے سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا ہے اور بنوں آپریشن میں زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں آپریشن میں زخمی افسران اور جوانوں سے سی ایم ایچ اسپتال میں ملاقات اور اُن کی عیادت کرتے ہوئے خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم نے جوانوں کی جرأت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ نے عوام کے تحفظ اور سلامتی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم ہر قسم کی دہشت گردی سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں، دہشت گردوں، ان کے حامیوں اور ہمدردوں کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ توڑیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پرامن اور مستحکم ماحول کے قیام تک کوششیں جاری رکھیں گے، ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی، کسی کو بھی قربانیوں سے حاصل ہونے والے امن کو تباہ نہیں کرنے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔