گلشن اقبال میں کوچنگ سینٹر کے اندر فائرنگ سے طالبعلم جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جنوری 2023
—فوٹو: جاں بحق ہونے والے طلبعلم حسن کی یاد گار تصویر

—فوٹو: جاں بحق ہونے والے طلبعلم حسن کی یاد گار تصویر

  کراچی: گلشن اقبال میں کوچنگ سینٹر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں طالبعلم جاں بحق ہوگیا۔ 

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13 ڈی مدینہ مسجد کے قریب واقع کوچنگ سینٹر میں فائرنگ کے واقعہ میں 19 سالہ طالبعلم احسن ولد اختر شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیراز کے مطابق نوجوان کو بڑے اسلحے سے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، جمعرات کو کوچنگ سینٹر میں کچھ طلبہ کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس پر انتظامیہ نے صلح کرا دی تھی تاہم جمعہ کو ایک نوجوان اپنے ہمراہ دیگر لڑکوں کو لایا اور کوچنگ سینٹر میں طالبعلم احسن پر کلاشنکوف سے فائرنگ کر دی اور اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ملزم بوری میں کلاشنکوف چھپا کر لایا۔ گلشن اقبال پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ایک بچہ بھی زخمی ہوا ہے، مقتول احسن نے میٹرک پاس کیا تھا اور وہ فرسٹ ایئر کا طالبعلم تھا جبکہ ملزم لقمان جس نے فائرنگ کی تھی وہ نویں جماعت کا طالبعلم ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول او ملزم دونوں ہی گلشن اقبال ضیا کالونی کچی آبادی کے رہائشی ہیں تاہم پولیس فرار ہونے والے ملزم لقمان کی تلاش میں چھاپے مار ہی ہے تاہم فوری طور پر جھگڑے کی وجہ کا بھی تعین نہیں ہو سکا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔