جونی لیور کے کامیڈی مناظر سے بڑے اداکار کیوں خوف کھاتے ہیں؟

ویب ڈیسک  منگل 10 جنوری 2023
ہمیں کام کرنے کیلئے ایک اچھے ابتدائی اسکرپٹ کی ضرورت ہوتی ہے، جونی لیور (فوٹو: فائل)

ہمیں کام کرنے کیلئے ایک اچھے ابتدائی اسکرپٹ کی ضرورت ہوتی ہے، جونی لیور (فوٹو: فائل)

 ممبئی: بالی وڈ کے معروف کامیڈی اداکار جونی لیور نے کہا ہے کہ آج کل کی فلموں میں کامیڈی مشکل سے نظر آتی ہے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں فلم کے مرکزی اداکار کامیڈی مناظر ملنے کا مطالبہ کیا کرتے تھے تاکہ ان کو میری طرح داد و تحسین مل سکے۔

ایک تازہ انٹرویو میں کامیڈی آئیکون کا کہنا تھا کہ کامیڈی اب فلموں سے ختم ہوچکی ہے اور وہ جس طرح کا مزاح کرتے ہیں اس کی اب فلموں میں ضرورت نہیں رہی۔

جونی لیور نے بتایا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’بازیگر‘ میں کوئی رائٹر نہیں تھا چناں چہ کامیڈی مناظر کیلئے آئیڈیاز وہ خود اپنے دماغ سے بناتے تھے۔

انہوں نے زیادہ فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ آج کل بہت برے اسکرپٹ لکھے جاتے ہیں جس کو کرنے سے وہ انکار کردیتے ہیں، وہ سمجھے ہیں کہ ’جونی بھائی سنبھال لیں گے‘ جبکہ ہمیں کام کرنے کیلئے ایک اچھے اسکرپٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

جونی لیور نے انکشاف کیا کہ ماضی میں مجھے اپنی کامیڈی کی وجہ سے بہت پذیرائی ملتی تھی جس کی وجہ سے مرکزی اداکاروں کو خوف آنے لگا، انہوں نے خود بھی کامیڈی مناظر کے مطالبے شروع کردیئے جس کی وجہ سے میرے کردار مختصر ہوتے گئے اور اب کامیڈی ختم ہوچکی ہے۔

اداکار نے فلمساز روہت شیٹی کی تعریف کی ہے کہ وہ اب بھی کامیڈی کی قدر کرتے ہیں اور یاد رہے کہ جونی لیور کی تازہ فلم ’سرکس‘ بھی روہت شیٹی کے ساتھ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔