پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں مزید 2 طیاروں کا اضافہ

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے آپریشنل بیڑے میں مزید دو طیارے شامل ہوگئے، گزشتہ روز نئے ائیربس 320 نے پہلی کمرشل پرواز پی کے 309 کے حیثیت سے اسلام آباد تا کراچی بھری جبکہ 7 مہینے سے لانگ گراونڈنگ کا شکار بوئنگ 777 طیارہ بھی آپریشن میں شامل ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت پی آئی اے کی ترقی کیلئے سرگرم ہے،اسی تناظر میں جہازوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں 2 طیاروں کا اضافہ ہوا، پی آئی اے کے گزشتہ دنوں آنے والے نئے ائیربس 320 طیارہ بھی تمام کوائف مکمل کرنے کے بعد شیڈول میں شامل ہوگیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نئے ائیربس 320 نے پہلی کمرشل پرواز پی کے 309 کے حیثیت سے اسلام آباد تا کراچی بھری جبکہ 7 مہینے سے لانگ گراؤنڈنگ کا شکار بوئنگ 777 طیارہ بھی آپریشن میں شامل ہوگیا۔

طیارے نے کئی ماہ بعد پہلی پرواز بدھ کی صبح پی کے 300 کی حیثیت سے آپریٹ کی جس کہ بعد وہ جدہ روانہ ہوگیا، گزشتہ چندہ ماہ کے دوران یہ دوسرا بوئنگ 777 ہے جو آپریشن میں واپس آیا۔

اس سلسلے کا تیسرا طیارہ بھی فعالی کے آخری مراحل میں ہے اور اگلے چند ہفتوں میں وہ بھی آپریشنل ہوجائے گا، اس عمل سے پی آئی اے کے 14 ائیربس اور 10 بوئنگ 777 سمیت کل 25 طیارے شیڈول کا حصہ ہوں گے، طیاروں کی فعالی سے پی آئی اے کا شیڈول ہموار ہوجائے گا اور نیٹ ورک کو وسیع کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ترجمان کے مطابق جہازوں کی فعالی خصوصی طور پر پرزہ جات کا حصول موجودہ زرمبادلہ کے حالات کے تناظر میں ایک پیچیدہ عمل تھا، اپنے محدود وسائل سے جہازوں کی فعالی اور بیڑے میں آپریشنل طیاروں کا اضافہ ایک اہم سنگ میل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کوویڈ کے بعد پی آئی اے کے فعال طیاروں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے، وفاقی وزیر ایوایشن خواجہ سعد رفیق کی ذاتی دلچسپی اور حکومت پاکستان کے خصوصی تعاون کے باعث طیاروں میں اضافے کا عمل مکمل ہورہا ہے، ہوابازی کی صنعت مکمل طور پر بحالی کی طرف گامزن ہے اور بڑھتی ہوئی مانگ کیلئے طیاروں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔