ایران نے پاکستان سے سیکیورٹی معاہدے کی منظوری دیدی

سیکیورٹی معاہدے کے بعد دونوں ممالک دہشتگردوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ اور ان کیخلاف کارروائیوں میں تعاون کریں گے۔


Net News April 07, 2014
سیکیورٹی معاہدے کے بعد دونوں ممالک دہشتگردوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ اور ان کیخلاف کارروائیوں میں تعاون کریں گے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ایران کی پارلیمنٹ نے پاکستان کے ساتھ اس سیکیورٹی معاہدے کی توثیق کر دی ہے جس کے تحت دونوں ممالک انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تعاون کر سکیں گے۔

اس معاہدے کے بعد دونوں ممالک دہشت گردوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ، جرائم پشیہ عناصر کی شناخت، تعاقب اور ان کیخلاف کارروائیوں میں تعاون کریں گے۔ دریں اثنا ایرانی حکام نے کہا ہے کہ اس کے4 سرحدی محافظ رہائی پانے کے بعد گھروں کو پہنچ گئے ہیں،5 محافظوں کو4 ماہ قبل جیش عدل نامی ایک گروہ نے اغوا کرلیا تھا اور پاکستانی علاقے میں کسی نامعلوم علاقے میں رکھا ہوا تھا، اطلاعات کے مطابق ایک مقامی سنی رہنما نے ان محافظوں کی بازیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ پانچویں مغوی محافظ کی لاش بازیاب کرنے کی کوشش میں ہیں جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ اسے ہلاک کر دیا گیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے سرحدی محافظین کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے،حسن روحانی سے منسوب کی جانے والی ایک ٹوئٹ میں کہاگیا کہ ''ہمارے4 ہیرو بلآخر گھر پہنچ گئے ہیں لیکن ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک باقی مغوی بھی ایران کی سرزمین پر واپس نہیں پہنچ جاتے''،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گز شتہ روز ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی محافظوں کو اپنی مدد آپ کے تحت بازیاب کرایا،یرغمالیوں نے سیکیورٹی گارڈزکو پاکستان کی حدودمیں ایرانی سرحد سے ملحقہ سرحد والے ایک علاقے میں رکھاتھاتاہم وہ جگہ کا نام نہیں بتاسکتے، انھوں نے کہاکہ یرغمالیوں نے براہ راست ایران کی حکومت سے کوئی مطالبہ کیا نہ ہی سرحدی محافظوں کی رہائی کے بدلے جیش العدل کے کوئی قیدی رہاکیے گئے۔

مقبول خبریں