لائسنس کی تجدید میں مبینہ تاخیر؛ 5 کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن معطل

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سالانہ لائسنس کی تجدید میں مبینہ تاخیر کے باعث ہوابازی سے وابستہ 5 تربیتی کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن میں خلل پڑگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کی 5 ایوی ایشن کمپنیوں کے فلائٹ آپریشن تیکنیکی وجوہات کی بنا پر سست روی کا شکار ہوگئے، کراچی، راولپنڈی اور پشاور کی ایک جب کہ لاہور کی 2 ایوی ایشن کمپنیز کا فلائٹ آپریشن التواء کا شکار ہوگیا۔

مذکورہ صورتحال ایئرو کلب کراچی، ایئر بورن ایوی ایشن لاہور، اسکیلڈ ایوی ایشن لاہور، راولپنڈی فلائنگ کلب اور پشاور فلائنگ کلب کے لائسنس کی تجدید نہ ہونے کے سبب پیدا ہوئی۔

ذرائع کے مطابق سالانہ لائسنس تجدید کا عمل رکنے کی وجہ سے پانچوں ایوی ایشن کمپنیوں کے تربیتی جہازوں کو ایئربورن (اڑان بھرنے) کی اجازت نہیں مل رہی، تربیتی پروازیں رکنے کے سبب فلائنٹ کمپنیوں کو یومیہ بنیاد پر نقصان کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیاد پر لائسنس کی تجدید کے ساتھ مذکورہ معاملہ بلز میں کائبور کو شامل کرنے کے سبب پیدا ہوا۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ کچھ کمپنیز کے لائسنس کا تجدیدی عمل جاری ہے، تجدیدی عمل مکمل ہونے پر لائسنس جاری کردیئے جائیں گے، یہ کہنا درست نہیں کہ کسی کمپنی کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے، کائیبور چارجز پر بورڈ میٹنگ میں حتمی فیصلہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔