حب میں مسافر بس حادثے کا مقدمہ مالکان کیخلاف درج
گزشتہ روز پیش آئے حادثے میں 41 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے
ضلع لسبیلہ میں مسافر بس کو حادثے کا مقدمہ مالکان کے خلاف درج کر لیا گیا۔
مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں پولیس تھانہ بیلہ میں درج کیا گیا ہے جس میں اقدام قتل، غفلت، دباوٴ، غیر زمہ دارانہ ڈرائیونگ اور جان خطرے میں ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں بس مالکان ظہور، منظور احمد اور مقتول ڈرائیور سلیم کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مالکان نے تکنیکی خرابی کے باوجود ڈرائیور کو گاڑی روانہ کرنے کی ہدایت کی جبکہ اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے مذکورہ بس کو چلانے پر پہلے ہی پابندی عائد تھی۔
مزید پڑھیں؛ حب میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 41 افراد جاں بحق
مسافر نے پولیس کو بیان دیا کہ گاڑی تکنیکی خرابی کے باعث بار بار ہچکولے کھاتی رہی اور مسافر بار بار گاڑی کو ٹھیک کرنے کا کہتے رہے، ڈرائیور نے فون پر آگاہ کیا تو مالک نے سفر جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 29 جنوری کی علی الصبح بیلہ کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں گرنے سے 41 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
حادثے کے بعد مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے باعث مسافروں کو بس سے نکالنے میں مشکل پیش آئی اور اسی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 38 افراد کی لاشیں جناح اسپتال کراچی منتقل کی گئیں، جہاں اُن کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انتظامیہ نے شناخت کے بعد تین لاشیں لواحقین کے حوالے کر دیں۔