پاکستان کو طالبان کے خطرے کیخلاف دفاع کا حق حاصل ہے، امریکا

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 فروری 2023
پاکستان اورافغانستان کے بیچ کے علاقے میں دہشتگردوں کی کچھ محفوظ پناہ گاہیں ہیں، جان کربی:فوٹو:فائل

پاکستان اورافغانستان کے بیچ کے علاقے میں دہشتگردوں کی کچھ محفوظ پناہ گاہیں ہیں، جان کربی:فوٹو:فائل

  واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کو طالبان کے خطرے کیخلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔

وائٹ ہاؤس میں امریکی قومی سلامتی کے امور کے رابطہ کار جان کربی نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو ٹی ٹی پی سے خطرات لاحق ہیں۔ حالیہ دنوں میں ٹی ٹی پی کی جانب سے پاکستان میں تشددد کے واقعات دیکھے گئے۔

جان کربی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔ پاکستان کے دہشتگردوں کے پیچھے جانے کے فیصلے کا بھی احترام کرے گا۔پاکستان کی جانب سے افغانستان میں ممکنہ کارروائی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹی ٹی پی سے خطرہ ہے اور پاکستانی عوام اور حکومت کو اس خطرے کیخلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔

امریکی قومی سلامتی کے رابطہ کار کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کے بیچ علاقے میں اس طرح کے گروپوں کی اب بھی کچھ محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں۔ اس سلسلے میں کیا کرسکتے ہیں اس بارے میں پاکستان سے رابطے میں رہیں گے اور پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرنا چاہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔