کراچی میں سیکیورٹی کمپنی سے 180جدید ہتھیار اور وردیاں لوٹ لی گئیں

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 9 فروری 2023
سکیورٹی کمپنی پرچھاپے کی تصدیق نہیں ہوئی،ایس ایچ او شاہ لطیف—فوٹو فائل

سکیورٹی کمپنی پرچھاپے کی تصدیق نہیں ہوئی،ایس ایچ او شاہ لطیف—فوٹو فائل

 کراچی: کراچی میں سیکیورٹی کمپنی سے 180جدید ہتھیار اور وردیاں لوٹ لی گئیں۔

کراچی میں سکیورٹی گارڈ کمپنیوں کے دفتر بھی غیر محفوظ ہوگئے، پولیس کی وردیوں میں ملبوس مسلح ڈاکو سکیورٹی کمپنی کے دفتر سے جدید اسلحہ، جیکٹس اور سکیورٹی گارڈز کی وردیاں لے اڑے جس کا مقدمہ شاہ لطیف تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

سکیورٹی کمپنی کے چیف سکیورٹی آفیسر نے موقف اختیار کیا کہ 31 جنوری 2023 کو پولیس موبائل میں آنے والے پولیس کی وردیوں میں ملبوس مسلح ڈاکو سکیورٹی کمپنی کے دفتر میں رات ساڑھے 3 بجے داخل ہوئے، مسلح ڈاکو پولیس موبائل اور سفید رنگ کی کار میں موجود تھے۔

سیکیورٹی آفیسر کے مطابق کمپنی کے چوکیدار امان اللہ نے واردات کے حوالے سے آگاہ کیا جس کا مقدمہ شاہ لطیف تھانے میں درج کرایا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ مسلح ڈاکو 140شارٹ گن ، 40 تیس بور پستول،170 جیکٹس اور گارڈز کی 200 وردیاں لے اڑے۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ملک مظہر کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے متعلقہ سیل سے رابطہ کیا، جہاں سکیورٹی کمپنی کے چھاپے کے حوالے سے تصدیق نہیں ہوسکی جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ڈاکوؤں کی شناخت کی جارہی ہے جلد ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔