حکومت اور فوج میں ایک معاملے پر تناؤ ہے چوہدری نثار

جوغیرعسکری قیدی رہا کئے گئے اس میں فوج کی مشاورت شامل بھی تھی، وفاقی وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک April 13, 2014
سبزی منڈی کے گرد غیرملکی بھی آباد ہیں تاہم سانحہ فروٹ منڈی کی تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں،چوہدری نثار فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج کے درمیان ایک معاملے پر تناؤ ہے لیکن اسے جلد دور کر لیا جائے گا۔


وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ طالبان نے عسکری قیدیوں کو رہا کرنے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا تاہم جو غیرعسکری قیدی رہا کئے گئے اس میں فوج کی مشاورت شامل بھی تھی، حکومت نے اب تک صرف غیرعسکری طالبان قیدیوں کو رہا کیا جب کہ فوج سے مشاورت کے بغیر قیدیوں کی رہائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، حکومت اور فوج ملکر مذاکرات کو آگے بڑھا رہے ہیں اور مذاکرات کسی ڈیڈ لاک کا شکار نہیں ہوئے تاہم اگر ایسی کوئی صورتحال پیدا ہوئی تو قوم کو خود آگاہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے نئی پالیسی تشکیل دی گئی ہے جس کیلئے پہلے مرحلے میں پنجاب سے ایلیٹ پولیس اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ رینجرز اہکار بھی اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے تعینات کئے جائیں گے۔


چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد فروٹ منڈی دھماکے کی تحقیقات میں کئی حساس چیزیں سامنے آئی ہیں اور اس کے تانے بانے کہیں اور جاکر ملتے ہیں، فروٹ منڈی دھماکے میں بلوچستان کی کالعدم تنظیم ملوث نہیں، سبزی منڈی کے گرد غیرملکی بھی آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امرود کی پیٹیاں جنوبی پنجاب سے لائی گئیں جس میں بارودی مواد چھپایا گیا تھا، میں سانحہ فروٹ منڈی کی تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں، دہشت گردوں کو ایمان محنت اور سچائی سے روکیں گے اورعوام کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جائے گا،


وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سابق دور میں کروڑوں روپے کی لاگت سے منگوائے گئے اسکینرناکارہ ہیں اور اس کا سود موجودہ حکومت کو ادا کرنا پڑ رہا ہے، جن کے دور میں دہشتگردی ہوئی وہی بیان دیتے ہیں، حساس مرحلے پر روز بیانات نہیں آنے چاہیئں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اسلام آباد کے ارد گرد غیر رجسٹرڈ 2 لاکھ افراد آباد ہیں جنہیں کس نے بسنے دیا۔

مقبول خبریں