آرمی چیف کی دہشت گردی کیخلاف جنگی مشق میں حصہ لینے والے جوانوں کی تعریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 مارچ 2023
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے انسداد دہشت گردی کی طویل مشق میں حصہ لینے والے جوانوں کے بلند حوصلے اور عزم کی تعریف کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں 60 گھنٹے طویل اور چھٹی بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلہ آج اختتام پذیر ہوا۔ جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پاکستان آرمی کی سات ٹیموں، پاک بحریہ اور بحرین، سعودی عرب ، مراکش، ازبکستان، تھائی لینڈ، اردن، امریکہ، عراق، قازقستان اور قطر سمیت 10 بین الاقوامی ٹیموں نے مقابلے میں حصہ لیا جبکہ آذربائیجان، کینیڈا، گیمبیا، انڈونیشیا، میانمار، مالدیپ، سینیگال، سوڈان، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ نے مقابلے میں بطور مبصر شرکت کی۔یہ مقابلہ پبی کے پہاڑی اور ناہموار علاقوں میں 7 سے 9 مارچ تک دن رات جاری رہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ کئی سالوں میں مقابلے نے بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی جس کے بعد اب یہ ایک بین الاقوامی ٹیم اسپرٹ ایویلیویشن ایونٹ بن چکا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے مشق کے مختلف مراحل کے دوران مظاہرہ کرنے والی پیشہ ورانہ مہارت، برداشت اور بلند حوصلے پر حصہ لینے والی ٹیموں کی تعریف کی اور کہا کہ ایک تربیتی مشق جسمانی فٹنس، جنگی مہارتوں اور اپنے فوجیوں کی ٹیم ورک پر زور دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے، پاک فوج بہادری، باہمی تعاون، اور قابلیت کے سپاہیانہ اوصاف کو برقرار رکھتی ہے۔

آرمی چیف نے مقابلے کے شرکاء کو انعامات اور تمغے بھی دئیے۔ تقریب میں بین الاقوامی مبصرین اور شریک ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔