آئمہ بیگ کنسرٹ کیلئے اُن کے نام پر ٹکٹ فروخت کرنے والوں پر شدید برہم

میرے نام پر ٹکٹس فروخت کر کے میرے مداحوں کو گمراہ کیا جارہا ہے، آئمہ بیگ


ویب ڈیسک March 15, 2023
(فائل فوٹو)

پاکستان میوزک انڈسٹری کی نامور گلوکارہ آئمہ بیگ اپنے نام پر کنسرٹ کے ٹکٹس فروخت کرنے والوں پر برس پڑیں۔

گلوکار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ لاہور میں جاری کنسرٹ کی انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی ادائیگی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کنسرٹ میں پرفارم کرنے سے انکار کر چکی تھیں۔

آئمہ بیگ نے لکھا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے مایوسی ہورہی ہے کہ کنسرٹ سے انکار کے باوجود ان کے نام پر ایونٹ کے ٹکٹ فروخت کیے جا رہے ہیں۔

آئمہ بیگ کنسرٹ کے منتظمین پر برس پڑیں

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میرے نام پر ٹکٹس فروخت کر کے میرے مداحوں کو گمراہ کیا جارہا ہے اور پیسے کمائے جارہے ہیں۔ آئمہ بیگ نے بتایا کہ مداحوں کی جانب سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو میسج پر ٹکٹس کی تصاویر بھیجی جارہی ہیں۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اس غیر پیشہ ورانہ رویے سے بےحد مایوسی کا شکار ہوئی ہیں کیونکہ اس سے ان کے مداحوں کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

آئمہ بیگ کنسرٹ کے منتظمین پر برس پڑیں

گلوکارہ نے لاہور کنسرٹ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کریں اور ان کے نام پر ٹکٹس کی فروخت کو روکیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گلوکارہ اور اداکارہ فضا علی کے نام پر بھی کنسرٹ کے ٹکٹس فروخت کئے جا چکے ہیں۔

 

 

مقبول خبریں