عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ویب ڈیسک  منگل 21 مارچ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

قبل ازیں عمران خان کے فوکل پرسن اور بھانجے حسان خان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ملزم کے وکیل عمران فیروز و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر  ایف آئی آر کا متن پڑھا گیا، جس کے مطابق چیکنگ کے دوران ملزم نے بیریئر توڑ کر پولیس اہلکار کو مارنے کی دھمکی دی۔ ملزم کی جانب سے چیکنگ کے دوران مزاحمت کی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عدالت کا حسان نیازی سے وکلاء اور اہل خانہ کو ملاقات کرانے کا حکم

دوران سماعت تفتیشی افسر کی جانب سے حسان خان نیازی کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر ملزم کے وکیل نے مخالفت کی اور دلائل میں کہا کہ میرا موکل اپنے کولیگز کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوا ۔ جج راجا جواد نے ضمانت منظور کی۔ کون سا بیریئر ہے جوڈیشل کمپلیکس میں آپ نے بھی دیکھا ہوا ہے ۔ویڈیوز موجود ہیں۔ سی سی ٹی وی ویڈیوز منگوا لیں گے، وکلا کے درمیان سے حسان کو گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی نے کیا تفتیش کرنی ہے کہ گاڑی کا کلر کون سا ہے،کہاں سے آرہے تھے۔

وکیل نے عدالت میں کہا کہ حسان خان نیازی کا جرم صرف اتنا ہے کہ یہ عمران خان کا بھانجا  ہے۔ اسلام آباد کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما اور عمران خان کے فوکل پرسن حسان خان نیازی گرفتار

آئے دن ایسے بے بنیادکیسز بنائے جا رہے ہیں اور ریمانڈ پر بھیج دیا جاتا ہے۔ بے بنیاد اور بے ڈھنگے انداز پر درج ایف آئی آر پر ریمانڈ مانگا جا رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد جب سے آیا ہے عوام کے حقوق پامال ہو رہے ہیں ،عدالت میں آکر سیاسی تقریر کرتا ہے۔

عدالت میں حسان خان نیازی کے وکیل نے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کر دی۔ بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے بعد میں سنا دیا گیا۔ فیصلے کے مطابق عدالت نے تفتیشی افسر کی 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حسان خان نیازی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔