پاکستان نے نومئی واقعات سے متعلق امریکی کانگریس کے خط کو مسترد کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 25 مئ 2023
—فوٹو:فائل

—فوٹو:فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے نو مئی واقعات سے متعلق امریکی کانگریس کی جانب سے بھیجئے گئے خط کو مسترد کردیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی کانگریس کے بھیجے گئے خط میں حقائق درست نہیں، پاکستان میں تمام شہریوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ کیا جارہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نو مئی کے واقعات پر پاکستان میں تمام اقدامات آئین اور قانون کے مطابق ہورہے ہیں۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم 9 مئی کے واقعات سے متعلق امریکی کانگریس کے ارکان کے خط سے اتفاق نہیں کرتے، قومی سلامتی کمیٹی نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق حقائق کی وضاحت کردی ہے اور پاکستان اپنے تمام شہریوں کے حقوق اور املاک کے تحفظ کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریوں پر قائم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آئینی ضمانتوں اور بنیادی آزادیوں کو ہماری عدلیہ کا تحفظ حاصل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی امریکن پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (PAKPAC) کی کوششوں کے نتیجے میں 60 سے زائد امریکی کانگریس کے ارکان نے 18 مئی کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

کانگریس اراکین نے انٹونی بلنکن پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کی ترجیح کا معاملہ بھی پاکستانی حکام سے ساتھ اٹھائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔