2050تک 84 کروڑ سے زائد افراد کمر درد میں مبتلا ہوں گے

ویب ڈیسک  جمعـء 26 مئ 2023

لندن: ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ 2050 تک 84 کروڑ سے زائد افراد کمر درد کی شکایت میں مبتلا ہوجائیں گے۔

30 سال سے زائد کے عرصے تک حاصل کیے جانے والے ڈیٹا کے تجزیے میں یہ بات معلوم ہوئی کہ کمر کے نچلے حصے میں درد کی شکایت میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور 2050 تک آبادی بڑھنے اور آبادی کی عمر بڑھنے کی وجہ سے 84 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد اس کیفیت میں مبتلا ہوں گے۔

کمر درد کےعلاج میں مسلسل عدم توجہی اور محدود طبی آپشن سے محققین کو یہ فکر لاحق ہوگئی ہے کہ یہ کسی صحت کے بحران کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے، کیوں کہ دنیا بھر میں معذوری کی سب سے بڑی وجہ کمر کے نچلے حصے میں درد ہے۔

آسٹریلیا میں 2050 تک اس کیفیت میں 50 تک اضافہ ہوجائے گا۔ جبکہ ایشیا اور افریقا میں کمر درد کے کیسز میں سب سے زیادہ اضافے کے بعد اس کیفیت کے حوالے سے منظرنامے میں تبدیلی آسکتی ہے۔

تحقیق میں کمر درد کے کیسز کے حوالے سے کئی معلومات سامنے آئی ہیں۔ 2017 کے بعد سے کمر کے نچلے حصے میں درد کے کیسز کی تعداد 50 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

2020 میں کمر درد کے کیسز کی تعداد تقریباً 61 کروڑ90 لاکھ تھی۔  جبکہ ایک تہائی افراد کے معذور ہونے کا تعلق کمر درد سے تھا جس کا سبب پیشہ ورانہ عوامل، تمباکو نوشی اور وزن کا زیادہ ہونا تھا۔

کمر کے نچلے حصے کے درد کے متعلق ایک غلط خیال یہ پیش کیا جاتا ہے کہ یہ عموماً ان افراد کو ہوتا ہے جو نوکری کر رہے ہوتے ہیں۔ لیکن محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے یہ کیفیت بوڑھے افراد میں زیادہ عام ہے۔ جبکہ مردوں کے مقابلے میں خواتین اس تکلیف میں زیادہ مبتلا ہوتی ہیں۔

یہ تحقیق لانسیٹ رہیومیٹولوجی میں شائع ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔