ڈرامہ گناہ کے ٹریلر نے مداحوں کے دل موہ لیے

ویب ڈیسک  اتوار 28 مئ 2023
ڈرامہ گناہ کا ٹرلیر جاری کردیا گیا؛ فوٹو: فائل

ڈرامہ گناہ کا ٹرلیر جاری کردیا گیا؛ فوٹو: فائل

 کراچی:  انسانی تعلقات کے بیچ معاشرے میں ٹیبو کا درجہ رکھنے والے غیر ازدواجی تعلقات، خواتین سے بدسلوکی اور خودکشی جیسے مسائل کا احاطہ کیے ہوئے ڈرامہ ’’گناہ‘‘ کے ٹریلز نے جس طرح پذیرائی حاصل کی ہے اس سے لگتا ہے کہ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کی یہ سیریل بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔

ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل گناہ کا جاندار ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔ گناہ کی کہانی معاشرے اور سماج کے لیے ناقابل قبول محبت کے خطرناک کھیل کے گرد گھومتی ہے جس میں دھوکا، انا، جبر، تشدد اور خودکشی جیسے عنصر نے ڈرامے میں تھرل، سسپنس، ایکشن اور جذباتیت کو جنم دیا ہے۔

ڈرامہ گناہ کے 2 منٹ اور 22 سیکنڈ کے اس ٹریلر میں معروف ہدایت کار اور اداکار سرمد کھوسٹ کو علاقے کے معزز اور طاقتور شخصیت کے کردار کو خوبصورتی سے نبھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

صبا قمر کی ڈائیلاگ ڈلیوری اور چہرے کے تاثرات سے بھرپور اداکاری نے ٹریلر میں روح پھونک دی ہے۔ جگن کاظم بھی نے اپنی صلاحیتوں کا خوب اظہار کیا ہے اور پولیس انسپکٹر کے روپ میں رابعہ بٹ نے اپنے کردار سے کافی انصاف کیا۔

کہانی میں ایک کردار صوفی رنگ لیے ہوئے ہیں۔ محبت اور صوفی ازم کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ اس ڈرامے میں اس کا کیا کردار ہے یہ تو ڈرامہ دیکھنے کے بعد ہی پتہ چلے گا لیکن کہانی کی ہر لمحہ بدلتی پیچیدہ صورت حال سسپنس پیدا کرتی ہے جو ناظرین کو آخری لمحے تک باندھے رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ٹریلر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرامہ پکچرائزیشن میں کافی محنت کی گئی ہے۔ جگہ کا انتخاب، سنیماٹوگرافی اور بصری خوبصورتی لیے اس ڈرامے کی پروڈکشن قابل ستائش ہے۔

ٹریلر کو دیکھ کر مداح ڈرامے کا بے تابی سے انتظار کرنے لگے ہیں۔ ڈرامہ گناہ کو لکھا ہے نے محسن علی نے اور ہدایتکاری عدنان سرور نے دی ہے جب کہ یہ ڈرامہ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر 8 جون بروز جمعرات رات 8 بجے آن ایئر کیا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔